بھوپال:30؍اگست:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کی رہنمائی میں ملک کے نوجوانوں کو کسی بھی قسم کے نشے کے استعمال سے بچانے اور نشے کی روک تھام کے لیے چلائی جا رہی ’نشہ مکت یووا فار وکست بھارت ابھیان‘ کی تعریف کی ہے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر کہا کہ سب کے تعاون سے پورے ملک میں یہ مہم بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ یہ مہم 2 اگست سے پورے ملک میں شروع ہو چکی ہے۔ مہم 100 ہفتوں تک مسلسل چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کے تحت شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں کو نشے سے دور رہنے کے لیے ترغیب دے کر انہیں عہد دلایا جا رہا ہے۔ مہم کے تحت ہر اتوار کو سماجی خدمت اور عوامی بیداری سے متعلق خصوصی سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔وزیراعظم مسٹر نریندر مودی کے اتوار کو نشر ہونے والے مقبول ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کے 137ویں ایڈیشن میں ’نشہ مکت یووا فار وکست بھارت ابھیان‘ کا ذکر کیا گیا۔
انہوں نے ملک کے تمام نوجوانوں سے اس مہم میں فعال شرکت کرنے کی اپیل کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے نوجوان ساتھی موجودہ نسل کی دلچسپی کے مطابق دلچسپ کمپین کنٹینٹ، پلے، سلوگنس، جِنگلس، گانے، تخلیقی مواد، گرافکس وغیرہ بنا کر اس مہم کو مزید رفتار دے سکتے ہیں۔
وزیراعظم مسٹر مودی نے کہا کہ ’نشہ مکت یووا فار وکست بھارت ابھیان‘ اس وقت پورے ملک میں تیزی سے آگے بڑھ رہاہے۔ اس کا مقصد بالکل واضح ہے — نشے سے پاک نوجوان، منشیات سے پاک ہندوستان۔ بہت سے لوگ، خاص طور پر ہمارے نوجوان بڑی تعداد میں اس کا حصہ بن رہے ہیں۔ آخرکار یہ ہندوستان کے نوجوانوں کی صحت، ان کی خوشی اور روشن مستقبل کے لیے ہی ہمارا اجتماعی عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ نشے کی لت صرف ایک شخص کو متاثر نہیں کرتی، اس کے برے نتائج پورے خاندان اور سماج کو بھی برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ میں ان لوگوں کی تعریف کروں گا جو منشیات کے خلاف دوسروں کو بیدار کرتے ہیں اور نشے کی لت سے نبرد آزما لوگوں کی مدد کے لیے آگے آتے ہیں۔کیا آپ نشہ سے پاک ہندوستان کے لیے کوئی طاقتور نعرہ بنا سکتے ہیں؟ کیا ہمارے نوجوان موسیقار ایسے گانے بنا سکتے ہیں جن میں منشیات سے پاک زندگی کا پیغام ہو؟ کیا طلباء اور تھیٹر گروپس دل کو چھو لینے والے مختصر ڈرامے لکھ سکتے ہیں، جن میں منشیات کے خطرات کے ساتھ ساتھ ان سے باہر نکلنے کے راستوں کا بھی ذکر ہو؟ ہمارے ملک میں بہترین کنٹینٹ کریئٹرس کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ وزیراعظم مسٹر مودی نے نوجوانوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف زبانوں میں ایسا مواد بنائیں، جس سے اس سمت میں سماج کو مدد ملے۔
آپ اپنی کوششوں کو ہیش ٹیگ کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی ضرور شیئر کریں۔ کئی بار تخلیقی کوششیں باقاعدہ مہم سے بھی زیادہ مؤثر ہوتی ہیں۔آئیے، ہندوستان کے نوجوانوں کو نشے سے دور رکھنے، نشے سے پاک رکھنے کے اس مقدس کام میں ہم سب اپنا کردار ادا کریں۔ آپ اپنی کوشش کو ’نشہ سے پاک نوجوان‘ کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی ضرور شیئر کریں۔