بھوپال:30؍اگست:ریاست میں سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے پنشن معاملات کے نمٹارے میں ہونے والی تاخیر اب افسران اور ملازمین کو بھاری پڑ سکتی ہے۔ محکمہ مالیات نے ریاستی مرکزی پنشن پروسیسنگ سیل (SCPPC) کے تحت آن لائن پنشن معاملات کے نمٹارے کے لیے ہر سطح پر زیادہ سے زیادہ وقت کی حد مقرر کر دی ہے۔ مقررہ وقت میں معاملہ حل نہ ہونے پر متعلقہ سطح کی جواب دہی طے کی جائے گی اور ضروری کارروائی کی جائے گی۔نئے انتظام کے تحت کسی نئے پنشن معاملے کو کریئیٹر، ویری فائر اور اپروور کی تینوں سطحوں سے گزرنا ہوگا۔ ہر سطح پر زیادہ سے زیادہ پانچ پانچ کام کے دن مقرر کیے گئے ہیں۔ اس طرح عام نئے پنشن معاملے کے لیے تینوں سطحوں پر کل 15 کام کے دنوں کی وقت کی حد مقرر ہے۔ وہیں نظرثانی شدہ پنشن اور تنخواہ کے تعین کے معاملات میں عمل کو مزید تیز کیا گیا ہے۔
نظرثانی شدہ پنشن کے معاملات 10 دن میں مکمل ہوں گے
نظرثانی شدہ پنشن معاملات کے لیے کریئیٹر کو زیادہ سے زیادہ چار کام کے دن،( ورکنگ ڈے) جبکہ ویری فائر اور اپروور کو تین تین کام کے دنوں میں کارروائی مکمل کرنا ہوگی۔ یعنی ایسے معاملے کے لیے کل 10 کام کے دنوں کی زیادہ سے زیادہ وقت کی حد مقرر کی گئی ہے۔اسی طرح تنخواہ کے تعین کے معاملات میں کریئیٹر کو پانچ کام کے دن اور ویری فائر اور اپروور کو تین تین کام کے دنوں میں کارروائی کرنا ہوگی۔ اس عمل کے لیے کل 11 کام کے دن (ورکنگ ڈے )مقرر کیے گئے ہیں۔
جائزے میں طویل عرصے سے زیر التوا معاملات سامنے آئے تھے
محکمہ مالیات کی جانب سے کیے گئے محکمانہ فالو اَپ اور جائزے میں سامنے آیا کہ مختلف ڈویزنل اور ضلع دفاتر میں SCPPC کے تحت کریئیٹر، ویری فائر اور اپروور کی سطح پر پنشن معاملات کے نمٹارے میں توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے۔ کچھ معاملات طویل عرصے سے زیرالتوا بھی پائے گئے۔ محکمہ نے اسے حکومت کی مقررہ سمت ہدایات کے مطابق نہیں مانا ہے۔اس کے بعد محکمہ مالیات نے واضح کیا ہے کہ مقررہ وقت کی حد میں معاملات کا نمٹارا لازمی طور پر یقینی بنایا جائے۔ اس سے پنشن کے عمل میں غیر ضروری تاخیر روکنے کے ساتھ ہر سطح پر ذمہ داری طے ہوگی۔
ریٹائرمنٹ کا انتظار نہیں، پہلے ہی تیار ہوگا پنشن کا معاملہ
حکومت نے ان ملازمین کے معاملات پر بھی خصوصی زور دیا ہے، جن کی ریٹائرمنٹ آئندہ مہینوں میں ہونے والی ہے۔ ایسے پیشگی پنشن معاملات میں منظوری کی کارروائی محکمہ مالیات کی جانب سے مقررہ دفعات کے مطابق طے شدہ مدت میں مکمل کرناہوگی، تاکہ ملازم کے ریٹائر ہونے کے بعد پنشن شروع ہونے میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔
2025 میں قائم کیا گیا تھا مرکزی پنشن سیل
سرکاری ملازمین کے پنشن معاملات کے فوری نمٹارے کے مقصد سے محکمہ مالیات نے 9 جون 2025 کے حکم کے ذریعہ ریاستی مرکزی پنشن پروسیسنگ سیل (SCPPC) قائم کیا تھا۔ یکم اپریل 2026 سے سابقہ انتظام ختم کرکے آن لائن پنشن معاملات کا نمٹارا ایس سی پی پی سی کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔ریاستی مرکزی پنشن پروسیسنگ سیل کو نئے پنشن معاملات کے نمٹارے کے ساتھ نظرثانی شدہ پنشن معاملات کی منظوری اور ریٹائرمنٹ سے دو سال قبل تک محکمہ جاتی مجاز افسران کی جانب سے کیے گئے تنخواہ کے تعین کی توثیق کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔
حکومت کا پیغام واضح-پنشن کے حق میں تاخیر برداشت نہیں
نئی وقت کی حد کے انتظام کا مقصد پنشن کے عمل کو صرف آن لائن کرنا نہیں، بلکہ اسے وقت مقررہ کے مطابق اور جواب دہ بنانا ہے۔ محکمہ مالیات کی ہدایات سے یہ واضح ہے کہ پنشن کا معاملہ کسی دفتر یا افسر کی سطح پر غیر معینہ مدت تک زیرالتوا نہیں رہ سکے گا۔ ہر مرحلے کے لیے وقت مقرر ہونے سے اب یہ آسانی سے طے کیا جا سکے گا کہ معاملہ کس سطح پر اور کتنے وقت سے زیرالتوا ہے۔









