لندن، 28 اگست (یواین آئی): لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 290 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کردیا ہے اور شان مسعود کے ساتھ اذان اویس کریز پر موجود ہیں۔انگلینڈ نے دوسرے روز 9 وکٹوں پر 248 رنز سے کھیل دوبارہ شروع کیا۔ گس ایٹکنسن 45 رنز بناکر علی عثمان کا شکار ہوئے، جبکہ جوش ٹنگ 30 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی جانب سے جیمی اسمتھ 61 اور جورڈن کوکس 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کے محمد عباس نے 4 اور محمد علی نے 3 وکٹیں حاصل کرکے انگلش بیٹنگ کو محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔اس سے قبل پہلے روز خراب روشنی کے باعث کھیل وقت سے پہلے ختم کردیا گیا تھا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور سلمان علی آغا کی جگہ بابر اعظم کی واپسی ہوئی ہے۔ سلمان علی آغا نے لیڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی قیادت کی تھی، جہاں انگلینڈ نے پاکستانی ٹیم کو ایک اننگز اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔









