کولکاتا، 28 اگست (یو این آئی) ہندوستانی فٹبالر انور علی نے اپنی سالگرہ کے موقع پر برازیل، یوراگوئے اور پاناما کے خلاف آئندہ فیفا ونڈو میں ہونے والے مقابلوں کو ہندوستانی فٹبال کے لیے تاریخی موقع قرار دیا ہے۔
ستمبر-اکتوبر کی فیفا ونڈو میں ورلڈ کپ میں کھیلنے والی تین ٹیمیں ہندوستان کے خلاف دوستانہ میچوں کے لیے ہندوستان کا دورہ کریں گی، جس سے کھلاڑیوں اور شائقین میں خاصا جوش ہے۔ انور نے کہا کہ پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل، دو بار کی عالمی چیمپئن یوراگوئے اور مضبوط پاناما کے خلاف کھیلنا ہندوستان کے لیے قیمتی تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہوگا۔
انہوں نے کہا، قومی ٹیم کے رکن کی حیثیت سے میرے لیے یہ عالمی فٹبال کی بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا شاندار موقع ہے۔ اس سے ہندوستانی فٹبال کو عالمی سطح پر مقبول بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ انور نے اے آئی ایف ایف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل تین ہائی پروفائل ٹیموں کے خلاف دوستانہ میچوں کا انعقاد کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے ایک یادگار موقع ہوگا۔ایسٹ بنگال کے کھلاڑی انور نے کہا کہ وہ خاص طور پر برازیل اور یوراگوئے کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ وویکانند یوبا بھارتی کریڑنگن میں کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں اور ٹیم ان مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کرکے ہندوستانیوں کو فخر محسوس کرانے کی کوشش کرے گی۔
ہندوستان 26 ستمبر کو بنگلورو میں 44 ویں رینکنگ کی پاناما سے کھیلے گا، جبکہ پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل 3 اکتوبر اور دو بار کی عالمی چیمپئن یوراگوئے 6 اکتوبر کو کولکاتا کے وویکانند یوبا بھارتی کریڑنگن میں ہندوستان کا سامنا کریں گی۔









