نئی دہلی 2مارچ:مرکزی حکومت نے تریپورہ کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہفتہ کے روز ایک اہم سہ فریقی معاہدہ کیا ہے جسے لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر اہمیت کا حامل تصور کیا جا رہا ہے۔ تریپورہ کے مقامی لوگوں کے مسائل کا مستقل حل تلاش کرنے کی کوشش میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی موجودگی میں آج ٹپرا موتھا، تریپورہ اور حکومت ہند کے درمیان اس سہ فریقی معاہدہ پر دستخط کیا گیا۔ مرکز، ترپورہ حکومت اور ٹپرا موتھا کے درمیان سہ فریقی معاہدہ پر دستخط کے تعلق سے بولتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ ’’آج کا دن تریپورہ کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اس معاہدہ پر دستخط کے ساتھ حکومت نے تاریخ کا احترام کیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت نے گزشتہ غلطیوں کا اصلاح کیا ہے اور روشن مستقبل کی طرف بڑھنے کے لیے موجودہ حقائق کو اعتراف کیا ہے۔‘‘نئی دہلی کے نارتھ بلاک میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ ’’میں تریپورہ کے سبھی اسٹیک ہولڈرس کو یقین دلاتا ہوں کہ اب آپ کو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد نہیں کرنی پڑے گی۔ حکومت ہند آپ کے حقوق کے تحفظ کے لیے نظام بنانے میں دو قدم آگے رہے گی۔‘‘ وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی تاریخ نہیں بدل سکتا، لیکن ہر کوئی اپنی گزشتہ غلطیوں سے سبق حاصل کر سکتا ہے اور آگے بڑھ سکتا ہے۔