بھوپال:یکم؍اگست:وزیر مملکت شریمتی کرشنا گور نے کہا، “طلباء کا تعلیمی مفاد اور ان کی ہمہ جہتی ترقی ریاستی حکومت کا اولین عزم ہے۔ آیوش نصاب کے طلباء کو وقت پر اسکالرشپ کا فائدہ ملے، اس کے لیے محکمہ جاتی سطح پر موجود تمام انتظامی اور تکنیکی رکاوٹوں کو دور کر دیا گیا ہے۔”وزیر مملکت پسماندہ طبقہ اور اقلیتی بہبود شریمتی گور نے آیوش محکمہ کے طلباء کی طویل عرصے سے رکی ہوئی اسکالرشپ کے عمل کو دوبارہ شروع کیے جانے کے موقع پر یہ بات کہی۔ وزیر مملکت شریمتی گور کی حساس پہل اور مسلسل کوششوں کے نتائج کے طور پر سیشن 2021-22سے 2023-24تک کے ہزاروں طلباء کے لیے ‘ایم پی ٹاس’ ( MPTAAS) پورٹل پر آن لائن درخواست پیش کرنے اور رقم کی منتقلی کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔
آیوش محکمہ کے تحت چلائے جانے والے بی اے ایم ایس (BAMS)، بی ایچ ایم ایس (BHMS) اور بی یو ایم ایس (BUMS) نصابوں میں پہلے سال کی مدت 1.5 سال (18 ماہ) مقرر ہونے کی وجہ سے سالانہ امتحانات کے انعقاد اور امتحانی نتائج کے اعلان میں تاخیر کی صورتحال پیدا ہو جاتی تھی۔ امتحانی نتائج آنے تک تقریباً دو سال کا وقت لگ جانے کی وجہ سے سیشن1-22 202، 2022-23اور 2023-24میں داخلہ لینے والے طلباء مقررہ وقت کی حد میں پورٹل پر دوسرے، تیسرے اور چوتھے سال کے لیے آن لائن درخواست نہیں دے سکے تھے اور وقت گزر جانے کے سبب پورٹل بند ہو گیا تھا۔
طلباء کے روشن مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر مملکت شریمتی گور کی مؤثر رہنمائی اور منظوری کے بعد کمشنر ڈاکٹر ستندر سنگھ نے ضروری منظوری حاصل کرتے ہوئے معاملے کے فوری حل کی کارروائی مکمل کی۔ اس عوامی مفاد والے فیصلے سے مختلف آیوش نصابوں کے کل 2,950 طلباء مستفید ہوں گے، جن میں بی اے ایم ایس کے 1,530، بی ایچ ایم ایس کے 1,280 اور بی یو ایم ایس کے 212 طلباء و طالبات شامل ہیں۔ اہل طلباء ایم پی ٹاس پورٹل کی سرکاری لنک https: //www.tribal.mp.gov.in/ MPTAASپر جا کر اپنی آن لائن درخواست پیش کر سکتے ہیں۔ فی الحال پورٹل کے ذریعہ درخواستیں وصول کر کے اسکالرشپ ادائیگی کی اگلی کارروائی تیز رفتاری سے چلائی جا رہی ہے، جس سے طلباء کو ان کے گزشتہ برسوں کی بقایا رقم جلد حاصل ہو سکے گی۔









