گلاسگو، (اسکاٹ لینڈ) یکم اگست (یواین آئی) ہندستان کے اسٹار ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے جیولن تھرو ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہیں ان کے ہم وطن یش ویر سنگھ نے کانسے کا تمغہ جیت کر کامن ویلتھ گیمز 2026 میں ملک کا نام روشن کیا۔ٹاپس کور ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے 85.83 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ جبکہ کھیلو انڈیا ایتھلیٹ یش ویر سنگھ نے 85.41 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ایک اور ہندستانی ایتھلیٹ روہت یادو 81.56 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہے۔ اس مقابلے میں سری لنکا کے رومیش تھرنگا نے 89.75 میٹر کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔یہ پہلا موقع ہے جب جیولن تھرو میں دو ہندستانی ایتھلیٹس نے تمغے جیتے ہیں۔ کامن ویلتھ گیمز میں نیرج چوپڑا کا یہ دوسرا تمغہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے سال 2018 کے کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔