نئی دہلی 20جولائی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر برائے سیاحت و اقتصادی امور عبداللہ بن طوق المری کی قیادت میں ایک وفد نے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’یو اے ای کے وزیر برائے معیشت و سیاحت عبداللہ بن طوق المری اور ان کے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس میں استقبال کر کے خوشی ہوئی۔‘‘ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’یہ ملاقات ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور قریبی تعاون پر مبنی مضبوط اور پائیدار شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے۔ اس دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے ہمارے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔‘‘ یو اے ای کے وزیر سیاحت نے مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو کنجاراپو سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد رام موہن نائیڈو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’یو اے ای کے وزیر برائے معیشت و سیاحت عبداللہ بن طوق المری سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ ہندوستان اور یو اے ای کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کے مرکز میں ہمیشہ سے ایریل کنیکٹیویٹی کو بڑھانے پر زور رہا ہے۔ ہندوستان کے تیزی سے بڑھتے ہوئے ہوا بازی کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع، خصوصاً مینٹیننس، ریپیئر اینڈ اوورہال (ایم آر او) اور مینوفیکچرنگ پر بامقصد تبادلۂ خیال ہوا۔‘‘









