کولکاتہ12جولائی: مغربی بنگال کے محکمہ برائے اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم نے ریاست کے 12 اضلاع میں چلنے والے غیر قانونی اور غیر منظور شدہ مدارس کا جائزہ لینے کے لیے 18 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ کمیٹی 15 جولائی سے متعلقہ اضلاع کا دورہ شروع کرے گی اور 21 جولائی تک اپنی تفصیلی رپورٹ محکمہ برائے اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم کو پیش کرے گی۔ کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر محکمہ آئندہ انتظامی کارروائی کرے گا۔ جن 12 اضلاع میں جائزہ لیا جائے گا، ان میں کوچ بہار، اتر دیناج پور، مالدہ، مرشد آباد، بیربھوم، مغربی مدنی پور، مشرقی مدنی پور، نادیہ، ہگلی، ہاوڑہ، شمالی 24 پرگنہ اور جنوبی 24 پرگنہ شامل ہیں۔ جون کے پہلے ہفتے میں ریاستی حکومت نے ضلع مجسٹریٹوں (ڈی ایم) کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں چلنے والے مدارس کی تفصیلی رپورٹ 5 جولائی تک ریاستی سکریٹریٹ نبانّا کو ارسال کریں۔ سرکاری حکام کے مطابق ضلع مجسٹریٹوں سے موصول ہونے والی ابتدائی رپورٹوں کی بنیاد پر ان 12 اضلاع کی نشاندہی کی گئی ہے، جہاں بڑی تعداد میں غیر منظور شدہ مدارس کے چلائے جانے کا امکان ہے۔ اسی وجہ سے حتمی انتظامی فیصلہ لینے سے قبل ان اضلاع میں دوسری مرتبہ تفصیلی جائزہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پہلے جاری کیے گئے ہدایت نامے میں ضلع مجسٹریٹوں سے ہر مدرسے کے قیام کی تاریخ، محکمہ برائے اقلیتی امور و مدرسہ تعلیم میں اس کی رجسٹریشن، رجسٹریشن کی تفصیلات، طلبہ و طالبات کی تعداد، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی معلومات، یہ کہ مدرسہ رہائشی ہے یا نہیں، اور وہاں پڑھائے جانے والے نصاب سے متعلق معلومات طلب کی گئی تھیں۔









