بھوپال 3جولائی: وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ کسانوں کی بہبود ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کاشت کی لاگت کم کرنے اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے سرگرمیوں کو ترجیحی بنیاد پر انجام دینا ضروری ہے۔ اسی مقصد سے سال 2026 کو کسان بہبودسال قرار دیا گیا ہے۔ کسانوں کے مفاد کے فروغ کے لیے نافذ پروگراموں اور اسکیموں پر مشن موڈ میں عمل درآمد کیا جائے۔ کسانوں سے براہِ راست رابطے کے لیے دارالحکومت سے لے کر ضلعی اور مقامی سطح تک پروگرام منعقد کیے جائیں۔ دودھ کی پیداوار کسانوں کی آمدنی بڑھانے میں خاص طور پر معاون ہے۔ کسانوں کو اعلیٰ نسل کی گائیں فراہم کرنے کے لیے نجی اداروں کا بھی تعاون لیا جائے۔ دیہی سطح پر اس نوعیت کے مراکز کا زیادہ سے زیادہ توسیع کی جائے۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو وزارت میں کسان فلاح سال کے تحت اب تک منعقدہ پروگراموں کا جائزہ لے رہے تھے۔میٹنگ میں آئندہ مجوزہ پروگراموں کے بارے میں بھی افسران کو ہدایات دی گئیں۔ میٹنگ میں وزیرِ کسان فلاح و زرعی ترقی مسٹر ایڈل سنگھ کنشانہ، چیف سیکریٹری مسٹر انوراگ جین اور دیگر افسران موجود تھے۔
وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ کسانوں کو کم پانی استعمال کرنے والی اور کم مدت میں تیار ہونے والی فصلوں کے بارے میں بیدار کیا جائے۔ فصلوں کے چکر میں تبدیلی اور قدرتی و نامیاتی کاشتکاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔ زراعت سے متعلق مقامی تہواروں اور فصلوں کے چکر کے مطابق کسانوں سے مسلسل رابطہ قائم کیا جائے۔ سہولت اور آسانی کو یقینی بناتے ہوئے تعاونی سوسائٹیوں کے طریقہ کار کو ڈیجیٹل بنایا جائے۔
وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں بتایا گیا کہ آن لائن کسان کریڈٹ کارڈ پورٹل اور کسانوں کے لیے ای پاس بک سہولت کا افتتاح جولائی ہی میں کیا جائے گا۔ ریاستی سطح کی تعاونی کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔ نمایاں خدمات انجام دینے والے فیلڈ کارکنوں اور مویشی پروروں کو انعامات اور اعزازات دینے کے لیے اجین میں ریاستی سطح کا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ ریاست کے تمام اضلاع میں بلرام زرعی مہوتسو منعقد کیے جائیں گے اور تمام ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز پر فوڈ فیسٹیول کا انعقاد ہوگا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ کھرگون میں ریاست سطحی کسان کانفرنس اور کپاس و مرچ مہوتسو کے انعقاد کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اندرونِ ملک ماہی پروری اور آبی زراعت پر جبل پور میں پروگرام منعقد ہوگا۔ اسی طرح جبل پور میں ہی پولٹری پالنے والوں اور صنعت کاروں کی کانفرنس بھی ہوگی۔ برہان پور میں کیلا مہوتسو، اجین میں ہائی ٹیک نرسری اور محفوظ کاشتکاری پر ورکشاپ، ساگر اور رتلام میں کسان پیداواری تنظیموں (FPO) کی ریاستی سطح کی کانفرنس، نیمچ میں باغبانی میں جدید ٹیکنالوجی پر ورکشاپ، اندور میں سبزی مہوتسو اور آبی زراعت مارکیٹنگ سمپوزیم، بھوپال میں پرالی کے انتظام پر ورکشاپ، جبکہ نرسنگھ پور میں گنا مہوتسو کے تحت ریاستی سطح کی کسان کانفرنس بھی مجوزہ ہے۔
میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری مسٹر کے۔ سی۔ گپتا، مسٹر نیرج منڈلوئی، پرنسپل سیکریٹری مسٹر ڈی۔ پی۔ آہوجا، مسٹر اماکانت امرائو اور کمشنر محکمہ رابطہ عامہ مسٹر منیش سنگھ بھی موجود تھے۔