ممبئی 2جولائی: ممبئی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں مسلسل ہورہی موسلادھار بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارش اور 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث شہر میں 99 سے زائد درختوں اور شاخوں کے گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ 13 شارٹ سرکٹ، دیوار گرنے اور پانی جمع ہونے کے متعدد واقعات نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات (IMD) نے ممبئی، تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ کے لیے اگلے کچھ گھنٹوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے انتہائی شدید بارش کی وارننگ دی ہے۔ BMC کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہر کے مختلف حصوں سے درخت گرنے کے 99 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح 13 مقامات پر شارٹ سرکٹ کے واقعات پیش آئے، جبکہ دیوار گرنے اور پانی بھرنے کے 6 کیسز سامنے آئے۔ مسلسل بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک اور روزمرہ سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ بارش سے وابستہ حادثات میں اب تک چار افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ کھارگھر میں 17 سالہ ایک نوجوان تالاب میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ بھیوَنڈی میں 26 سالہ نوجوان کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ جنوبی ممبئی کے وکیشور علاقے میں عمارت کا ایک حصہ گرنے سے 51 سالہ شخص کی موت ہو گئی۔ جبکہ نوی ممبئی کے کاموٹھے علاقے میں ایک عمارت کی چھت گرنے سے 45 سالہ شخص کی موت ہوگئی ۔
پولیس کی حراست سے باپ بیٹا فرار
گروگرام/مندسور، 2 جولائی (یو این آئی) ہریانہ کے گروگرام میں درج دھوکہ دہی کے معاملے میں گرفتار باپ بیٹا پولیس کی حراست سے فرار ہو گئے۔ گروگرام پولیس کی ٹیم نے دونوں ملزمین کو مدھیہ پردیش کے دھار ضلع کے پتھم پور سے گرفتار کیا اور انہیں سڑک کے ذریعے گروگرام لا رہی تھی۔ پولیس ٹیم مندسور ضلع کے گارتھ چوکڑی میں ایک پٹرول پمپ پر ایندھن بھرنے کے لیے رکی تھی۔ پولیس اہلکار گاڑی سے باہر نکل گئے۔ صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پچھلی سیٹ پر بیٹھے ملزمان ڈرائیور کی سیٹ پر بیٹھ گئے اور پولیس کی گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔
ملزمان کے فرار ہوتے ہی جائے وقوعہ پر افراتفری مچ گئی۔ پولیس اہلکاروں نے ان کا تعاقب کرنے کی کوشش کی تاہم ابتدائی طور پر گاڑی نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں ملزمان کو پولیس سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے جلد بازی میں پٹرول پمپ کا بغیر ایندھن کی ادائیگی کے پیچھا کرنا شروع کر دیا، جس پر پٹرول پمپ کے ملازمین نے انہیں روکنے کے لئے کہا۔ پولیس رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ملزم کی تلاش میں نکل گئی۔








