نئی دہلی27جون: نیٹ کے بعد اب مہاراشٹر کے تھانے میں ٹی ای ٹی (ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ) امتحان کا سوالنامہ لیک ہونے سے ہلچل مچ گئی ہے۔ اس پیپر لیک کے بعد امتحان منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ دراصل ٹی ای ٹی امتحان کل ہونا تھا، لیکن اطلاعات کے مطابق اس کا سوالنامہ لیک ہو گیا۔ امتحان سے تقریباً 24 گھنٹے پہلے ہی پرچہ منظر عام پر آ گیا، جس سے انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 4 لاکھ امیدوار اس امتحان میں شریک ہونے والے تھے، لیکن اب انھیں نئی تاریخ کا انتظار کرنا ہوگا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ ’مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل‘ پونے (ایم ایس سی ای) نے ’ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ 2026‘ کا امتحان، جو 28 جون 2026 کو منعقد ہونا تھا، اگلے حکم تک ملتوی کر دیا ہے۔ کونسل نے ایک پریس بیان میں کہا کہ ٹی ای ٹی امتحان ریاست بھر کے 1,028 مراکز پر منعقد کیا جانا تھا۔ نیٹ 2026 امتحان کے دوران مبینہ پرچہ لیک ہونے کے واقعات کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔ اسی دوران ایک اطلاع ملنے پر بھیونڈی پولیس نے ہفتہ کی صبح چھاپہ مار کارروائی کی۔ تفتیش کے دوران بعض افراد کے پاس ’ٹی ای ٹی 2026‘ کے سوالنامہ سے ملتے جلتے سوالات پائے گئے۔ اس کے بعد ایم ایس سی ای حکام نے فوری جانچ کی اور تصدیق کی کہ کچھ سوالات امتحان کے اصل پرچہ سے مطابقت رکھتے تھے۔ اس معاملے میں بھیونڈی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ کونسل نے کہا ہے کہ امتحان کو مکمل شفاف اور منصفانہ انداز میں منعقد کرنا اس کی اولین ترجیح ہے۔ اسی لیے معاملے کی مکمل تحقیقات ہونے تک 28 جون 2026 کو ہونے والا ٹی ای ٹی امتحان ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اب امتحان کی نئی تاریخ اور دیگر تازہ معلومات ایم ایس سی ای کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔ فی الحال تھانے میں ضبط کیے گئے لیک شدہ سوالنامہ کی جانچ کے بعد کل ہونے والا امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ پولیس اب پرچہ لیک کرنے والوں کی تلاش میں سرگرم ہے اور جلد ہی اس معاملے میں بڑی کارروائی ہو سکتی ہے۔