واشنگٹن 16جون: اسرائیل کو امریکہ سے ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر بین گویر کو امریکہ کا ویزا نہیں ملا ہے۔ بین گویر ایک خاندانی تقریب میں شامل ہونے کے لیے امریکہ کے شہر میامی جانا چاہتے تھے، لیکن امریکی سفارت خانے سے ویزا کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ یہ معلومات اسرائیلی میڈیا ’ہارٹز‘ نے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق پیر کے روز بین گویر نے تل ابیب میں واقع امریکی سفارت خانے سے ویزا کے لیے رابطہ کیا۔ اس پر سفارت خانے کے حکام نے انہیں ذاتی طور پر اپنے دفتر آنے کے لیے کہا۔ سفارت خانہ کا کہنا تھا کہ آپ پر کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں، اس لیے آپ کو یہاں آ کر بائیومیٹرک ڈیٹا دینا ہوگا۔ بین گویر نے جب سفارت خانے میں ذاتی طور پر پیش نہ ہونے اور بائیومیٹرک ڈیٹا دینے سے انکار کر دیا، تب امریکی سفارت خانے نے انہیں ویزا نہ دینے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد اسرائیلی وزیر نے اپنا دورہ منسوخ کر دیا۔ ’یروشلم پوسٹ‘ کے مطابق امریکی سفارت خانے نے پہلی بار اسرائیل کے کسی وزیر کے ساتھ ایسا سلوک کیا ہے۔ عام طور پر اسرائیل کے وزراء کو امریکہ خصوصی ویزا دیتا ہے، جس سے انہیں سفر کرنے میں کوئی دشواری نہ ہو۔ حالانکہ بین گویر کے ساتھ اس سلوک کو اسرائیلی میڈیا نے غیر معمولی قرار دیا ہے۔ اسرائیل کی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ تبصرہ نہیں کیا ہے۔








