نئی دہلی 15جون: ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے امریکہ اور ایران کے درمیان مغربی ایشیا میں تنازعہ ختم کرنے کے حوالے سے طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے ذریعہ اس قدم کی تعریف کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’میں امریکہ اور ایران کے درمیان مغربی ایشیا میں تنازعہ ختم کرنے کے لیے طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ اس تنازعہ کی وجہ سے دنیا بھر میں سنگین معاشی رکاوٹیں پیدا ہوئیں اور کئی ممالک میں لوگوں کی جانیں گئیں ہیں۔‘‘ اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں وزیر اعظم مودی مزید لکھتے ہیں کہ ’’نئی مفاہمت کے مؤثر نفاذ سے خطے میں امن اور استحکام بحال ہونے کی امید ہے۔ ساتھ ہی یہ سمندری راستوں پر بلا رکاوٹ آمد و رفت اور عالمی تجارت کو محفوظ بنائے رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔‘‘ وزیراعظم نریندر مودی نے امید ظاہر کی کہ فریقین کے درمیان باقی ماندہ مسائل پر ہونے والی بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھے گی اور بالآخر ایک مستقل اور جامع معاہدہ طے پا جائے گا۔ واضح رہے کہ اتوار (14 جون) کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر معاہدے تک پہنچنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’’اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ معاہدہ اب مکمل ہو گیا ہے۔ سب کو مبارک ہو!‘‘ ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی بات بھی کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’’دنیا کے جہازوں، اپنے انجن چالو کر لو۔ تیل کو بہنے دو۔‘‘ ایران نے بھی ’ایم او یو‘ کو حتمی شکل دیے جانے پر بیان جاری کیا۔