بھوپال:15؍جون:سینٹرل زون بجلی سپلائی کمپنی کے حلقہ کار میں آنے والے بھوپال، نرمداپورم، گوالیار اور چمبل ڈویزن کے 16 اضلاع کے اسمارٹ میٹر صارفین کے لیے مئی کا مہینہ راحت لے کر آیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے اسمارٹ میٹر صارفین کو ‘ٹائم آف ڈے (ToD) ٹیرف نظام کے تحت سولر آور (صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک) کے دوران بجلی کے استعمال پر 20 فیصد خصوصی رعایت فراہم کی گئی ہے۔
اس ‘ٹائم آف ڈے(ToD) ٹیرف نظام کے تحت کمپنی کے دائر کار میں کل 8 لاکھ 17 ہزار 302 اسمارٹ میٹر صارفین کو مئی ماہ کے بجلی بل میں 8 کروڑ 41 لاکھ 52 ہزار روپے کی رعایت کا براہِ راست فائدہ حاصل ہوا ہے۔سینٹرل زون بجلی سپلائی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر رشی گرگ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنائیں اور اپنے احاطوں میں اسمارٹ میٹر نصب کروانے کے لیے آگے آئیں۔ اسمارٹ میٹر نہ صرف توانائی کے تحفظ میں مددگار ہیں بلکہ یہ صارفین کو اپنی کھپت کے بارے میں باخبر بنا کر مالی فائدہ بھی پہنچا رہے ہیں۔
اسمارٹ میٹر ہر 15 منٹ میں بجلی کے استعمال کا درست ڈیٹا ریکارڈ کرتے ہیں اور استعمال کا ڈیٹا خودکار طور پر بلنگ سرور تک پہنچ جاتا ہے، جس سے انسانی مداخلت کی گنجائش نہیں رہتی اور شفافیت یقینی بنتی ہے۔اسمارٹ میٹر کے ذریعہ صارفین اپنے بجلی کے استعمال کے اوقات کو منظم کر کے ‘ٹائم آف ڈے ٹیرف جیسی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اپنے بلوں میں بچت کر سکتے ہیں۔اسمارٹ میٹر صارفین کو سولر آور (صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک) کے دوران استعمال کی گئی توانائی پر توانائی چارج کی عام شرح کے مطابق، 10 کلو واٹ تک منظور شدہ لوڈ یا معاہداتی طلب رکھنے والے صارفین کو 20 فیصد رعایت دی جا رہی ہے۔
اسمارٹ میٹر سے متعلق کسی بھی معلومات یا شکایت کے ازالے کے لیے صارفین کال سینٹر 1912 پر رابطہ کر سکتے ہیں یا نوڈل آفیسر مسٹر کیلاش کمار چودھری، منیجر (اسمارٹ میٹرنگ سیل) سے ای میل آئی ڈی Smartmeteringcellbhopal@gmail.comپر
رابطہ کیا جا سکتا ہے۔