جھارکھنڈ13جون: اتراکھنڈ میں مانسون سے قبل موسم اب رنگ دکھانے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات ہند (آئی ایم ڈی) کے دہرادون مرکز نے ہفتہ کو پوری ریاست کے لیے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے۔ یہاں گرج چمک کے ساتھ بارش، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے اندیشے کے پیش نظر محکمہ نے لوگوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔ چاردھام یاتریوں اور پہاڑی راستوں پر سفر کرنے والوں کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دہرادون، اترکاشی، چمولی، رودرپریاگ، ٹہری، پوڑی، نینی تال، الموڑہ، باگیشور اور پتھورا گڑھ میں ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بجلی کڑکنے اور ژالہ باری کے بھی آثار ہیں۔ ہوا کی رفتار بھی 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹے تک پہنچ سکتی ہے، جو پہاڑی علاقوں میں مسائل کو بڑھا سکتی ہے۔ میدانی اضلاع ہریدوار اور ادھم سنگھ نگر میں بھی موسم پوری طرح صاف نہیں رہے گا، کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارش سے لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔ لہذا جو لوگ چاردھام یاترا پر نکلنے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں موسمی حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہی آگے بڑھنا چاہئے۔ راجدھانی دہرادون میں ہفتہ کو آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش اور گرج چمک ہوسکتی ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں کے سبب حبس والی گرمی سے کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ایک روز قبل جمعہ کو ریاست کے کئی حصوں میں موسم کا مزاج بدلا ہوا تھا۔ الموڑہ، رودرپریاگ، چمولی اور پتھورا گڑھ میں صبح سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ چمولی ضلع میں ہیم کنڈ صاحب اور بدری ناتھ دھام میں برف باری بھی ہوئی، جس سے بالائی علاقوں میں سردی کا احساس مزید بڑھ گیا۔