نئی دہلی 12جون: کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ایک تجارتی جہاز پر امریکی حملے میں تین ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم اس معاملے پر خاموش ہیں، حالانکہ بین الاقوامی پانیوں میں ہونے والے ان حملوں میں ہندوستانی ملاحوں کی جانیں گئی ہیں۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران تین مختلف تجارتی جہاز امریکی کارروائیوں کا نشانہ بنے، جن میں تین ہندوستانی ملاح ہلاک ہوئے لیکن وزیر اعظم کی جانب سے ایک لفظ بھی نہیں بولا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کسی غیر ملکی طاقت کی کارروائی میں ہندوستانی شہری مارے جائیں تو وزیر اعظم کو واضح موقف اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے ہونے والے جی-7 اجلاس میں نریندر مودی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، مصافحے کریں گے اور مختلف معاہدوں پر بات کریں گے، مگر ان تین ہندوستانی ملاحوں کے لیے ان کے پاس کوئی اظہار افسوس تک موجود نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ایک ایسا وزیر اعظم جو دباؤ میں آ چکا ہو، وہ “بھارت ماتا” کے بیٹوں کی حفاظت نہیں کر سکتا، کیونکہ ان کی جان لینے والوں کو ناراض کرنے کی نہ اس میں ہمت ہے اور نہ ہی طاقت۔ اس سے قبل کانگریس پارٹی بھی امریکی فوجی کارروائیوں کی مذمت کر چکی ہے۔ پارٹی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں سفارتی سطح پر مؤثر اقدامات کرے اور ذمہ داری کا تعین کرائے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو سفارتی کامیابی کے طور پر پیش کرتے ہیں تو پھر ایسے واقعات پر خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی جن میں ہندوستانی شہریوں کی جانیں ضائع ہوئی ہوں۔
دوسری جانب ہندوستان نے جمعرات کو تصدیق کی کہ گزشتہ چار دنوں کے دوران عمان کے ساحل کے قریب ہندوستانی عملے والے تین تجارتی جہاز امریکی فوجی کارروائیوں سے متاثر ہوئے، جن میں تین ہندوستانی شہری ہلاک ہوئے۔ حکومت نے اس معاملے پر امریکہ کے سامنے سخت احتجاج درج کرایا ہے۔









