نئی دہلی10جون:وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے جمہوری طریقے سے منتخب ہونے والے سب سے طویل عرصے تک مسلسل خدمات انجام دینے والے وزیر اعظم کا ریکارڈ قائم کرنے کے بعد این ڈی اے (قومی جمہوری اتحاد) کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملک کی سست معاشی ترقی کو ’’ہندو گروتھ ریٹ‘‘ کا نام دے کر کروڑوں ہندوؤں پر ایک بے بنیاد داغ لگایا گیا، جبکہ حقیقت میں اس کا نام ’’کانگریس گروتھ ریٹ‘‘ ہونا چاہیے تھا۔ دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ این ڈی اے کے ایک اہم اجلاس میں وزیر اعظم مودی کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس اجلاس میں مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، نائب وزرائے اعلیٰ اور اتحاد کے سرکردہ رہنما شریک ہوئے۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کے لیے ’’جنتا جناردن‘‘ یعنی عوام خدا کا روپ ہیں اور عوام کی خدمت ہی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا نیا متوسط طبقہ ملک کی ترقی کی اصل طاقت بن چکا ہے اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ متوسط طبقہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے حکومت سے جو امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں، ان کو پورا کرنے کے لیے دن رات محنت کی جائے گی۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے خطاب میں کانگریس دور کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب ملک کی کم ترقیاتی شرح کو ’’ہندو گروتھ ریٹ‘‘ کہا جاتا تھا۔ اس اصطلاح کے ذریعے یہ تاثر دیا گیا کہ ہندوستان کی بڑی آبادی اور بالخصوص ہندو اکثریت ترقی کی رفتار میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف ایک غلط تصور تھا بلکہ ملک کی اکثریتی آبادی کے ساتھ ناانصافی بھی تھی۔ مودی کے مطابق اگر اس دور کی کمزور معاشی کارکردگی کو کوئی نام دیا جانا چاہیے تھا تو وہ ’’کانگریس گروتھ ریٹ‘‘ ہونا چاہیے تھا، کیونکہ اس کی اصل وجہ حکومت کی پالیسیاں اور انتظامی ناکامیاں تھیں، نہ کہ ملک کی آبادی۔ اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی ایک پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی سیاست ہمیشہ قومی مفاد اور علاقائی امنگوں کے درمیان توازن قائم کرنے کے عزم سے چلتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بارہ برسوں کے دوران این ڈی اے حکومت نے ملک کو ایک مستحکم قیادت فراہم کی، جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں غیر معمولی ترقی دیکھنے کو ملی۔ انہوں نے زور دیا کہ ’’وکست بھارت‘‘ (ترقی یافتہ ہندوستان) کا خواب صرف حکومت کا نہیں بلکہ پورے ملک کا مشترکہ عزم ہونا چاہیے۔
آپریشن سندور اور دہشت گردی کے خلاف سخت موقف









