لکھنو9جون: اتر پردیش کی سیاست میں 2027 کے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں نے ابھی سے زور پکڑ لیا ہے۔ ایسے میں سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو کا انڈیا اتحاد کی حالیہ میٹنگ میں کانگریس کو ’’بڑا دل‘‘ دکھانے کا مشورہ محض ایک عمومی سیاسی بیان نہیں تھا بلکہ اس کے پیچھے ایک واضح انتخابی پیغام پوشیدہ تھا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اکھلیش یادو کی یہ بات براہِ راست اتر پردیش کے سیاسی منظرنامے سے جڑی ہوئی تھی، جہاں وہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن اتحاد کی کامیابی کے فارمولے کو برقرار رکھتے ہوئے یہ بھی یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ 2027 کا اسمبلی معرکہ سماجوادی پارٹی کی قیادت میں ہی لڑا جائے۔ کانگریس کے کئی رہنماؤں نے نجی سطح پر اعتراف کیا ہے کہ بہار میں اپوزیشن اتحاد کو سیٹوں کی تقسیم میں تاخیر، طویل مذاکرات، اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات اور قیادت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا نقصان اٹھانا پڑا۔ مختلف رپورٹس کے مطابق اپوزیشن جماعتیں اس نتیجے پر پہنچی ہیں کہ اتحاد کے اندرونی تنازعات نے ان کے انتخابی امکانات کو بری طرح متاثر کیا۔ اسی تجربے کے بعد کانگریس نے اتر پردیش میں اپنی حکمت عملی پہلے سے تیار کرنا شروع کر دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پارٹی نے کئی ماہ پہلے ہی ممکنہ جیتنے والی نشستوں کی نشاندہی شروع کر دی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ سیٹوں کی تقسیم کے معاملات وقت سے پہلے طے کر لیے جائیں تاکہ بہار جیسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔