نئی دہلی2جون: مقدس فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد ہندوستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ سعودی عرب کے مقدس مقامات پر حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین حج کی پہلی واپسی پرواز 2 جون کو دہلی پہنچی، جس کے ساتھ ہی شمالی ہند کے سب سے بڑے حج امبارکیشن پوائنٹ دہلی میں واپسی کے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر ایس وی-5818 کے ذریعے 371 حجاج کرام دہلی پہنچے۔ اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور جناب کرن رجیجو نے خود موجود رہ کر حجاج کے پہلے قافلے کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں، ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور حج کمیٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ کوثر جہاں نے اس موقع پر کہا کہ حجاج کے پہلے قافلے کے استقبال کے لیے مرکزی وزیر کا خود ہوائی اڈے پر پہنچنا وزارتِ اقلیتی امور اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت کی حج کے تئیں خصوصی دلچسپی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی توجہ کے نتیجے میں اس سال ہندوستانی حجاج کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہتر سہولیات فراہم کی گئیں، جن کا فائدہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منیٰ اور عرفات سمیت مختلف مقامات پر حاصل ہوا۔