اجمیر22مئی: عالمی شہرت یافتہ اجمیر درگاہ شریف پر خدام کی تنظیم انجمن کمیٹی کے سیکرٹری سید سرور چشتی نے گائے کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔ گائے کو قومی جانور قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں گائے کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور مستقل پالیسی بنائی جائے۔ سرور چشتی نے کہا کہ جس طرح مور کو قومی پرندے کا درجہ دیا گیا ہے اسی طرح گائے کو بھی قومی جانور قرار دیا جائے۔ سید سرور چشتی نے کہا کہ ملک بھر میں گائے کے ذبیحہ اور گائے کے گوشت کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گائے ہندوستانی ثقافت، عقیدے اور سماجی زندگی میں گہرائی سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے اس کے تحفظ کو سیاست پر ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی پارٹیاں اکثر انتخابی فائدے کے لیے مختلف ریاستوں میں گائے اور بیف کے معاملے پر مختلف موقف اختیار کرتی ہیں، جو درست نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ شمال مشرقی ریاستوں میں انتخابات کے قریب آتے ہی گائے کا گوشت سستا کر دیا جاتا ہے، جبکہ دوسری جگہوں پر مختلف سیاسی حربے استعمال کیے جاتے ہیں۔ سرور چشتی نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر یکساں پالیسی بنائے، تاکہ ملک بھر میں واضح پیغام جائے اور گائے کے تحفظ کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے۔ انجمن سیکرٹری نے ملک میں چلنے والے مذبح خانوں کو بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گائے ذبح کرنے والے مذبح خانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور حکومت ان کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ محض سیاسی بیان بازی کافی نہیں ہوگی۔ اس کے بجائے نظام کو نچلی سطح پر مضبوط کیا جانا چاہیے۔









