بھوپال:21؍مئی:وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاست کے قبائلی علاقوں میں نامیاتی کھیتی کو فروغ دیاجائے ۔ چھتیس گڑھ کے دنتیواڑا ضلع میںبھی قبائلی کسانوں کے ذریعہ نامیاتی کھیتی کی جارہی ہے ۔ اس کا مطالعہ کرنے کیلئے مدھیہ پردیش سے وفد بھیجا جائے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے جمعرات کو محکمہ قبائلی امور کی جائزہ میٹنگ میں یہ بات کہی۔ میٹنگ میں وزیر قبائلی امور ڈاکٹر وجے شاہ ، چیف سکریٹری مسٹر انوراگ جین ، وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر نیرج منڈلوئی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات مسٹر منیش رستوگی ، قبائلی امور محکمہ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر گلشن بامرا سمیت دیگر افسران موجود تھے۔وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہاکہ محکمہ قبائلی امور کے ذریعہ نافذ اسکولوں، آشرم اور ہوسٹلوں میں تعلیم اور رہن سہن کی معیار بہتر کریں۔ قبائلی علاقوں میں روایتی سماجی اقدار کے تحفظ اور ہمہ گیر ترقی کیلئے سماجی خدمتگار تنظیموں کا بھی تعاون لیں۔ قبائلی علاقوں میں حکومت کے مختلف محکمہ مل کر کام کریں۔ کنزرویشن سے عوامی سہولیات کی ترقی یقینی کی جائے۔ قبائلی سماج میں مویشی پروری کو فروغ دیں اور دودھ پیداوار بڑھانے میں ان کا تعاون لیں۔ میٹنگ میں وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کے خصوصی پسماندہ قبائلی طبقات بیگا، بھاریا اور سہریا کی ہمہ گیرترقی کیلئے مسلسل کام کرنے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے محکمہ کے ذریعہ تعلیم کی معیار میں سدھار کیلئے ضروری کام کرنے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں بتایاگیا ہے کہ ہائی اسکول اور ہائر سیکنڈری امتحان نتائج 2026میں اعلیٰ 10اضلاع میں سے7قبائلی اضلاع شامل ہیں۔ دسمبر 2023سے اب تک قبائلی طبقہ کے 9ویں اور 10ویں کلاس کے کل3لاکھ 65ہزار طلباء کو137کروڑ52لاکھ روپے کے وظائف کی ادائیگی کی گئی ہے ۔ اسی مدت میں پوسٹ میٹرک وظائف اسکیم کے تحت4 لاکھ28ہزار طلباء کو673کروڑ64لاکھ روپے کی رقم اداکی گئی ہے ۔ محکمہ کے ذریعہ 2671ہوسٹل اور آشرم اسکولوں کا نفاذ کیا جارہاہے۔
وزیر ڈاکٹر شاہ نے بتایاکہ خصوصی پسماندہ طبقات کی خواتین مکھیا کے بینک کھاتے میں ماہانہ 1500روپے کی رقم حکومت کی ’ آہارانودان یوجنا ‘ میں فراہم کی جارہی ہے ۔ دسمبر2023سے ابھی تک 2لاکھ37ہزار 550خواتین کو کل432کروڑروپے فراہم کئے گئے ہیں۔









