جے پور:19؍مئی :آئی پی ایل میں آج لکھنؤ سپر جائنٹس نے راجستھان رائلز کو 221 رنز کا ہدف دیا ہے۔ جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں راجستھان نے ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ لکھنؤ نے 20 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔
جواب میں خبرلکھے جانے تک راجستھان نے 17 اوورمیں تین وکٹ کے نقصان پر203 رنز بنا لیے ہیں۔ دھرو جریل کریز پر ہیں۔ ویبھو سوریاونشی 93 اور یشسوی جیسوال 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔قبل ازیںاوپنر مچل مارش کی 96 رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت لکھنؤ سپر جائنٹس نے راجستھان رائلز کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کر دیا ہے۔ مچل مارش محض 4 رنز کی دوری سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے اور آخری اوور میں رن آؤٹ ہو گئے۔مارش نے 57 گیندوں پر 11 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے۔ یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب وہ سنچری کی دہلیز پر پہنچ کر محروم رہے۔ مارش اور انگلس نے پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 109 رنز کی برق رفتار شراکت قائم کی۔ انگلس نے صرف 29 گیندوں پر 60 رنز (7 چوکے، 3 چھکے) اسکور کیے۔کپتان رشبھ پنت نے بھی مڈل اوورز میں 23 گیندوں پر 35 رنز بنا کر اسکور کو آگے بڑھایا۔ایک موقع پر لکھنؤ کی ٹیم 240 رنز کی طرف بڑھ رہی تھی، لیکن جوفرا آرچر نے آخری لمحات میں راجستھان کی میچ میں واپسی کرائی۔ آرچر نے اپنے آخری اوور میں صرف 5 رنز دیے اور اس دوران لکھنؤ کی 3 وکٹیں گریں۔ آرچر اور نوجوان باؤلر یش راج پنجا نے نپی تلی بالنگ کے ذریعے لکھنؤ کو قابو میں رکھا، ورنہ اسکور 235 سے تجاوز کر سکتا تھا۔









