کولکاتا16مئی: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد ترنمول کانگریس (TMC) کی سربراہ اور سابق چیف منسٹر ممتا بنرجی نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو تنظیم ازسرنو کھڑی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ جو لوگ پارٹی چھوڑنا چاہتے ہیں وہ آزاد ہیں۔ جمعہ کے روز کولکاتا کے کالی گھاٹ واقع اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اہم میٹنگ میں ممتا بنرجی نے ٹی ایم سی کے ان امیدواروں سے ملاقات کی جنہوں نے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔
اس میٹنگ میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق ممتا بنرجی نے شکست کے باوجود کارکنوں کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کی اور کہا کہ ترنمول کانگریس دوبارہ مضبوط ہوکر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا : ’’جو لوگ دوسری جماعتوں میں جانا چاہتے ہیں، انہیں جانے دیں۔ میں پارٹی کو دوبارہ نئے سرے سے تعمیر کروں گی۔ جو لوگ پارٹی کے ساتھ ہیں وہ تباہ شدہ پارٹی دفاتر کو دوبارہ کھولیں، انہیں رنگ کریں اور تنظیم کو مضبوط بنائیں۔ ضرورت پڑی تو میں خود بھی دفاتر میں رنگ کرنے پہنچ جاؤں گی۔ ترنمول کانگریس کبھی جھکنے والی نہیں۔ عوام کے مینڈیٹ کو لوٹا گیا ہے۔