نئی دہلی 16مئی:بھارت کے چیف جسٹس جسٹس سوریہ کانت نے کہا ہے کہ امرکنٹک سے نکلنے والی ماں نرمدا، چھوٹی چھوٹی ندیوں کے ملنے سے ایک وسیع شکل اختیار کر لیتی ہے۔ اسی طرح نئی ٹیکنالوجی کی مختلف دھاراؤں کے ذریعے کورٹ، پولیس، جیل، فارینسک اور میڈیکو لیگل کی شاخیں ایک متحد ڈیجیٹل پلیٹ فارم میں یکجا ہو کر عام لوگوں کو انصاف دلانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ عام شہری کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے عدلیہ کو اسپتالوں کی طرح چوبیس گھنٹے اور ساتوں دن کام کرنا ہوگا۔ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی جانب سے شہریوں کے لیے ڈیجیٹل خدمات کو فروغ دے کر عدالتی عمل کو تیز اور آسان بنانا قابلِ ستائش اور قابلِ تقلید ہے۔ ہائی کورٹ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے قیدیوں کی بروقت رہائی، فوری سماعت، عدالتی احکامات کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت کئی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ چیف جسٹس جسٹس سوریہ کانت نے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کی اس پہل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام کو ملک کی تمام عدالتوں میں نافذ کیا جانا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ عدالتی نظام کے ڈیجیٹل طور پر مضبوط ہونے سے تمام کارروائیاں شفاف ہوں گی، جس کا براہِ راست فائدہ عام شہری کو فوری انصاف کی صورت میں ملے گا۔ تکنیک کا یہ اشتراک ہمارے نظامِ انصاف کو مزید معتبر اور قابلِ اعتماد بنائے گا۔ موجودہ دور ٹیکنالوجی اور جدّت کا دور ہے۔ سائنس نے ہماری زندگی کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ جب زندگی کے ہر شعبے میں تبدیلی آ رہی ہے تو ایسے میں عدالتی نظام کا بھی ڈیجیٹل طور پر فعال ہونا بے حد ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش تیزی سے گڈ گورننس کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ ریاستی حکومت نے ٹیکنالوجی کو بہتر حکمرانی کے بنیادی اصول کے ساتھ جوڑا ہے۔ ریاست میں سائبر تحصیلوں کا قیام عمل میں آ چکا ہے۔ کاغذ سے پاک نظام کی جانب پیش رفت کرتے ہوئے وزارتی کونسل کی کارروائی کو بھی ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے۔ ریاست میں سی ایم ہیلپ لائن شہریوں کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنا رہی ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کے لیے حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے دیوی اہلیہ ماتا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے محدود وسائل میں بہترین نظم و نسق قائم کیا اور ملک کے بڑے مذہبی مقامات پر فلاحی سرگرمیاں بھی چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے اپنی اختراعی کوششوں کے ذریعے نظام کو آسان بنایا ہے۔ ریاست میں گونگے بہروں کے لیے موبائل ایپ کے ذریعے انصاف کی فراہمی، فائلوں کے فوری تصفیے اور عدالتی احکامات کی ڈیجیٹل تصدیق جیسے اقدامات ان جدید اصلاحات کی مثال ہیں۔
رائے بریلی میں راستے کے تنازع پر فائرنگ، دو پولیس اہلکاروں سمیت چھ گرفتار
رائے بریلی، 16 مئی (یواین آئی) اتر پردیش میں ضلع رائے بریلی کے لال گنج علاقے میں راستے کے تنازع پرہوئی فائرنگ کے معاملے میں پولیس نے دو پولیس اہلکاروں سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لائسنس یافتہ 32 بور ریوالور، کارتوس اور اسلحہ لائسنس بک برآمد کی ہے۔