چنئی 6مئی: تمل ناڈو اسمبلی انتخاب کے نتائج سے پُرجوش ’تملگا ویتری کژگم‘ (ٹی وی کے) کے لیڈران و کارکنان اب حکومت سازی کی تیاریوں کا مزہ لے رہے ہیں۔ پارٹی چیف تھلاپتی وجئے نے تو گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر سے ملاقات کر حکومت سازی کا دعویٰ بھی پیش کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وجئے نے بدھ کے روز لوک بھون پہنچ کر گورنر سے ملاقات کی، اور اس کے بعد وہ گنڈی واقع راج بھون (گورنر ہاؤس) میں بھی گورنر سے ملے۔ گورنر ہاؤس میں ہی وجئے نے رسمی طور سے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وجئے کے ساتھ پارٹی کے کئی سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔ ان میں این آنند، آدھو ارجن، سینگوٹین اور ارون راج شامل ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ 7 مئی کی صبح 10 بجے سے 11.15 بجے کے درمیان حلف برداری کی تقریب منعقد ہو سکتی ہے۔ حالانکہ وجئے کی پارٹی کے پاس حکومت سازی کے لیے ضروری 118 اراکین اسمبلی کی تعداد موجود نہیں ہے۔ ٹی وی کے کو 108 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے، یعنی انھیں کم از کم 10 باہری اراکین اسمبلی کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کانگریس نے ٹی وی کے کی حمایت کا اعلان کر نصف مشکل ختم کر دی ہے۔ کانگریس کے پاس 5 اراکین اسمبلی ہیں، یعنی ٹی وی کے کو اب صرف 5 اراکین اسمبلی کی ضرورت ہے۔ بایاں محاذ پارٹیوں اور وی سی کے سے وجئے کے نمائندے بات چیت کر رہے ہیں۔ اگر ان پارٹیوں کا ساتھ مل گیا تو پھر حکومت سازی میں کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔









