نئی دہلی 5مئی: پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے منگل کے روز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ راشٹرپتی بھون کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس ملاقات کی اطلاع دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ملاقات کے بعد بھگونت مان نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا ہے کہ ’’آج دہلی میں انہوں نے صدر کے سامنے ملک میں ہو رہے ’جمہوریت کے قتل‘ کے خلاف مضبوطی سے آواز بلند کی ہے۔‘‘
بھگونت مان نے الزام عائد کیا کہ غیر آئینی طریقوں سے سیاسی پارٹیوں کو توڑا جا رہا ہے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) و سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن (سی بی آئی) جیسی مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر کے داغی لیڈروں کو بی جے پی کی ’واشنگ مشین‘ میں صاف کیا جا رہا ہے۔ اس طرح کی کوششوں کو وزیر اعلیٰ نے جمہوری ڈھانچے کے ساتھ شدید کھلواڑ قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے صدر جمہوریہ سے ملاقات کے دوران واضح کر دیا ہے کہ پنجاب میں ’آپریشن لوٹس‘ جیسی چالیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ ان کے مطابق ریاست کے اراکین اسمبلی لاکھوں پنجابیوں کی آواز ہیں اور پنجابی کبھی بھی غداری برداشت نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ’’آپ کا خادم ہونے کے ناطے میں ہر پنجابی کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم عوام کے مینڈیٹ اور آئینی اقدار کے تحفظ کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے۔‘‘









