بھوپال 30اپریل: وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ایوی ایشن کے شعبے میں مدھیہ پردیش کو ملک کا رول ماڈل بنانے کی کوششیں کی جائیں۔ ریاست کے دور دراز علاقوں کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاستوں کے مسافر بھی فضائی خدمات سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے سیاحتی شعبے کی اہمیت بڑھانے کے نقطۂ نظر سے بھی یہ خدمات اہم ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو وزارت میں منعقدہ اجلاس میں ایوی ایشن محکمہ کے کاموں کی معلومات حاصل کر رہے تھے۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ایوی ایشن محکمہ کے افسران کو ہدایت دی کہ ریاست میں ترقی پانے والے میٹروپولیٹن علاقوں اور مختلف صنعتی اداروں کے احاطوں میں ہیلی پیڈ کی تعمیر کو ترجیح دی جائے۔ ہیلی سروسز کے فروغ کے لیے ہیلی پیڈ کی تعمیر میں نجی شعبے کا تعاون حاصل کیا جائے۔وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اُجین ایئرپورٹ کی ترقی کے لیے جاری کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ا
میٹنگ میں بتایا گیا کہ اُجین ایئرپورٹ میں ایئر فیلڈ کا کل رقبہ 95 ایکڑ ہے۔ ریاستی حکومت کے فیصلے کے مطابق اُجین ایئرپورٹ 2700 میٹر لمبے رن وے کے ساتھ کل 4100 میٹر لمبائی میں ترقی کیا جائے گا۔ اس کے لیے حاصل کی جانے والی زمین کے بدلے 590 کروڑ روپے معاوضہ رقم منظور کی جا چکی ہے۔ سنہستھ 2028 کے پیش نظر عقیدت مندوں کی آمد و رفت کے لیے ایئرپورٹ مفید ہوگا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ایئرپورٹ کی ترقی کے تمام کاموں کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں پی ایم شری ہیلی ٹورزم سروس کے آپریشن کے سلسلے میں بھی تبادلۂ خیال ہوا۔
وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے افسران کو ہدایت دی کہ ریاست میں فضائی خدمات کے فروغ کے ساتھ ماہر پائلٹس اور دیگر تربیت یافتہ عملے کی ضرورت ہوگی۔ نئی تعلیمی پالیسی میں ایوی ایشن کورسز کو روزگار پر مبنی تعلیم کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ریاست کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ذریعے ایوی ایشن کورسز کا فائدہ نوجوانوں تک پہنچانے کے لیے کوشش کرنے کی ہدایت دی۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش سول ایوی ایشن پالیسی 2025 گزشتہ فروری 2025 میں جاری کی گئی تھی۔
پالیسی میں ایوی ایشن کے شعبے کی مکمل ویلیو چین کے لیے مختلف قسم کی ترغیبات کا انتظام کیا گیا ہے۔ مدھیہ پردیش سے بنارس اور پٹنہ جیسے بڑے شہروں کے لیے فضائی خدمات شروع کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ مذہبی سیاحت کو فروغ ملے۔ ریاست کی ایوی ایشن پالیسی کی کامیابی میں نئے پہلو شامل کیے جائیں۔ وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ایوی ایشن پالیسی کی کامیابی پر محکمہ کے افسران کو مبارکباد دی۔