نئی دہلی: دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر کے انتخاب میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے امیدوار پرویش واہی کو میئر منتخب کرا لیا۔ بدھ کو ہونے والی ووٹنگ اور اس کے بعد گنتی کے عمل میں بی جے پی کو واضح برتری حاصل رہی، جس کے نتیجے میں پرویش واہی بغیر کسی خاص مقابلے کے اس عہدے پر فائز ہو گئے۔میئر کے اس انتخاب میں کل 165 ووٹ ڈالے گئے، جن میں سے 156 ووٹ بی جے پی کے حق میں گئے، جبکہ کانگریس کے امیدوار حاجی ظریف کو صرف 9 ووٹ مل سکے۔ عام آدمی پارٹی کی جانب سے انتخاب میں حصہ نہ لینے کے فیصلے نے بھی بی جے پی کی راہ مزید آسان بنا دی، جس کے باعث انتخابی مقابلہ یک طرفہ نظر آیا۔دہلی میونسپل کارپوریشن کے اس انتخابی عمل میں کل 273 ووٹرز شامل تھے، جن میں 249 منتخب کونسلر، ارکان پارلیمان اور دہلی اسمبلی کی جانب سے نامزد 14 اراکین شامل تھے۔ جیت کے لیے کم از کم 137 ووٹ درکار تھے، جو بی جے پی نے باآسانی حاصل کر لیے۔ پارٹی کے پاس پہلے ہی واضح عددی برتری موجود تھی، جس نے اس کامیابی کو تقریباً یقینی بنا دیا تھا۔ پرویش واہی روہنی ای وارڈ سے تین بار منتخب ہونے والے کونسلر ہیں اور اس وقت میونسپل کارپوریشن میں لیڈر آف ہاؤس کی ذمہ داری بھی سنبھال رہے تھے۔
بی جے پی نے 23 اپریل کو نامزدگی کے آخری دن انہیں میئر کے امیدوار کے طور پر اعلان کیا تھا۔ اسی کے ساتھ مونیکا پنت کو نائب میئر کے لیے امیدوار بنایا گیا تھا۔









