نئی دہلی 23اپریل: تمل ناڈو میں جمعرات کو اسمبلی کی سبھی 234 سیٹوں کے لیے حق رائے دہی کا عمل جاری ہے۔ عام لوگوں سے لے کر جنوبی ہند کے فلمی ستاروں تک سب نے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں شریک ہوئے۔ ووٹنگ کے دوران مشہور ہستیوں کو دیکھ کر عام لوگ بھی خاصے پُرجوش نظر آئے۔ آئیے جانتے ہیں کہ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں کچھ سرکردہ ستاروں نے کس انداز میں شرکت کی اور کس کا انداز سب سے منفرد رہا۔ جنوبی ہند کے سپر اسٹار رجنی کانت سادگی بھرے انداز میں ووٹ ڈالنے پہنچے۔ ووٹ ڈالنے کے بعد وہ کافی خوش اور پرجوش دکھائی دیے۔ کیمرے کے سامنے انہوں نے سیاہی لگی انگلی دکھاتے ہوئے تصویر بھی کھنچوائی۔ کمل ہاسن اپنی بیٹی شروتی ہاسن کے ساتھ ووٹ ڈالنے پولنگ بوتھ پہنچے۔ وہ عام لوگوں کے درمیان کافی دیر تک قطار میں کھڑے رہے اور اپنی باری آنے پر ہی ووٹ ڈالا۔ بعد میں انہوں نے عوام کو بھی ووٹنگ کے لیے ترغیب دی۔اداکار وجے تھلاپتی فلمی دنیا چھوڑ کر سیاست میں آ چکے ہیں اور اس بار تمل ناڈو اسمبلی انتخاب میں بطور امیدوار میدان میں ہیں۔ وہ اپنی الگ پارٹی بنا کر الیکشن لڑ رہے ہیں اور ان کی نشست پیرمبور ہے۔ جمعرات کی صبح وجے تھلاپتی کو ووٹنگ کے لیے پہنچا دیکھ کر مداحوں کا ہجوم جمع ہو گیا اور کسی طرح وہ پولنگ بوتھ تک پہنچ کر اپنا ووٹ ڈالنے میں کامیاب ہوئے۔









