قاہرہ، 23 اپریل (یو این آئی) پراچی گائیکواڑ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی ایس ایس ایف جونیئر ورلڈ کپ میں خواتین کی 50 میٹر رائفل تھری پوزیشنز (3پی) ایونٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا، جس کے بعد ہندوستان میڈل ٹیبل پر دوبارہ سرفہرست پہنچ گیا۔
فائنل میں پراچی نے 354.6 پوائنٹس اسکور کیے اور انفرادی نیوٹرل ایتھلیٹ داریا چوپرس کو محض 0.2 پوائنٹس کے فرق سے شکست دی، جنہوں نے 354.4 پوائنٹس حاصل کیے۔ ایک اور نیوٹرل ایتھلیٹ ایلینا کریٹینینا 343.3 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
مقابلے کے دوران پراچی نے زبردست واپسی کا مظاہرہ کیا۔ ابتدائی مرحلے میں وہ پیچھے تھیں، لیکن ‘اسٹینڈنگ’ پوزیشن میں شاندار شوٹنگ کرتے ہوئے برتری حاصل کی اور آخری لمحات میں اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔
اسی ایونٹ میں بھارت کے نارائن پرنَو نے جونیئر مردوں کی 10 میٹر ایئر رائفل میں 229.5 پوائنٹس کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا دوسرا گولڈ میڈل ہے۔ اس سے قبل شیوا نروال نے مردوں کی 10 میٹر ایئر پسٹل میں سونا جیتا تھا۔ ہندوستان کے مجموعی طور پر چار چاندی اور تین کانسی کے تمغے بھی ہیں، جس کے ساتھ وہ میڈل ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
دریں اثنا، ونشیکا چودھری، سیجل کامبلے اور کنک نے خواتین کی 10 میٹر ایئر پسٹل کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جہاں ہندوستان کو مزید تمغوں کی امید ہے۔