کولکاتا 22اپریل: مغربی بنگال ایس آئی آر سے متعلق ایک اہم خبر سامنے آئی ہے۔ 27 لاکھ اپیلوں میں سے ٹریبونل نے صرف 500 اپیلیں ہی منظور کی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر ذرائع کے حوالے سے شائع خبر کے مطابق 500 کیس کی سماعت کے بعد سپلیمنٹری ووٹر لسٹ میں صرف 137 ووٹرس ہی جوڑے گئے ہیں۔ ان 137 ووٹرس کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی ہے۔ دراصل اس تعلق سے گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے اہم حکم دیا تھا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ٹریبونل میں جن کی اپیل منظور کر لی جائے گی وہ لوگ 23 اور 29 اپریل کو ووٹ دے سکیں گے۔ سپریم کورٹ نے اس کے لیے آرٹیکل 142 کے خصوصی اختیارات کا استعمال کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سپریم کورٹ کے اس فیصلہ پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ مغربی بنگال میں 2 مرحلوں میں 23 اور 29 اپریل کو ووٹنگ ہے۔ پہلے مرحلہ میں 152 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلہ میں 142 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔