کولکاتا19اپریل:
اتوار کے روز مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جھارگرام میں سڑک کنارے ایک جھال مُڑی کی دکان پر اچانک رک کر سبھی کو حیرت زدہ کر دیا۔ ان کے اس غیر متوقع اقدام سے وہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے اور علاقے میں خاصی گہما گہمی پیدا ہو گئی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ جھارگرام میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے بعد ہیلی کاپٹر میں سوار ہونے کیلئے جارہے تھے کہ اچانک راستے میں رکنے کا فیصلہ کیا۔ گاڑی سے اتر کر وزیراعظم مودی سیدھے جھال مُڑی فروش کے پاس گئے اور وہیں تازہ جھال مُڑی تیار کروائی۔ انہوں نے اس جھال مُڑی کو وہاں موجود بچوں کے ساتھ بھی شیئر کیا اور قریب موجود مقامی خواتین سے بھی خوشگوار انداز میں گفتگو کی۔ مختصر قیام کے دوران وزیرِ اعظم نے خود بھی جھال مُڑی کا ذائقہ چکھا، جس پر وہاں موجود لوگ خوشی اور حیرت کا اظہار کرتے رہے۔ یہی نہیں، وزیراعظم مودی نے اس جھال مڑی کیلئے دکاندار کو پیسے بھی دئے ۔