نئی دہلی 18اپریل: وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کے ریزرویشن پہل ایک ایماندارانہ اقدام تھا، لیکن اپوزیشن نے اسے روک دیا۔ انہوں نے کانگریس، ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی، اور ڈی ایم کے جیسی پارٹیوں کو اس کے لئے مورد الزام ٹھہرایا ۔ مودی نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ خواتین کے ریزرویشن میں رکاوٹیں ڈالی ہیں۔ انہوں نے کانگریس کو طفیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی پارٹیوں کی مدد سے زندہ ہے اور اب اس کا اصلی چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔پی ایم مودی نے کہا، “ترنمول کانگریس، سماج وادی پارٹی، اور کانگریس سبھی خواتین مخالف ہیں، وہ نہیں چاہتے کہ ملک کی خواتین کی ترقی ہو ۔” پی ایم نے کہا کہ یہ جماعتیں ملک کی ماتاؤں بہنوں کے بااختیار ہونے سے خوف زدہ ہوتے ہیں۔ پی ایم مودی نے کانگریس پر کرارہ حملہ کرتے ہوئے کہا، کانگریس کا ایک ہی کام ہے ، حکومت کے ہر اچھےکام میں روڑے اٹکاؤ۔ پی ایم مودی نے کہا کہ “کانگریس نے تین طلاق کی مخالفت کی، انہوں نے دفعہ 370 کی منسوخی کی مخالفت کی، اب انہوں نے خواتین کے ریزرویشن بل کی بھی مخالفت کی ہے۔ کانگریس اصلاح کا نام سنتے ہی چیخ وپکار شروع کردیتی ہے۔ کانگریس بھی ون نیشن، ون الیکشن کی مخالفت کرتی ہے۔ وہ نہیں چاہتی کہ ملک مضبوط ہو۔”