واشنگٹن، 18 اپریل (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز بند کرکے دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، تاہم امریکا کو کسی صورت بلیک میل نہیں کیا جا سکتا۔عالمی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور صورتحال مجموعی طور پر بہتر انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ آج آبنائے ہرمز کی بندش کا واقعہ پیش آیا، لیکن اس کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان رابطے برقرار ہیں اور دن کے اختتام تک مزید پیش رفت سامنے آ سکتی ہے۔ٹرمپ کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز بند کرکے معمولی چالاکی دکھانے کی کوشش کی، مگر وہ امریکا کو دباؤ میں نہیں لا سکتا۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز کو تجارتی جہازوں کے لیے کھولا جا رہا ہے، جس پر ٹرمپ نے خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا تھا۔تاہم تازہ صورتحال میں ایران کی پاسداران انقلاب کی جانب سے دوبارہ بندش کے اعلان کے بعد آبنائے ہرمز کی صورتحال ایک بار پھر غیر واضح اور پیچیدہ ہو گئی ہے۔