رائسین:17؍اپریل(پریس ریلیز) زیرِ تعمیر سڑک منصوبے کے تحت تحصیل غیرت گنج کے گاؤں گڑھی میں سڑک سیفٹی ہفتہ کے موقع پر ایک وسیع بیداری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد دیہی عوام کو سڑک سیفٹی کے اصولوں کے بارے میں آگاہ کرنا اور حادثات کی روک تھام کے لیے ترغیب دینا تھا۔
اس موقع پر گاؤں گڑھی کے سرپنچ سید مسعود علی پٹیل، سابق سرپنچ بھاگ چند چورسیا، پولیس چوکی انچارج ویرندر وشوکرما سمیت متعدد عوامی نمائندے اور دیہاتی موجود رہے۔
پروگرام میں مدھیہ پردیش سڑک ترقیاتی نگم، بھوپال سے ڈویژنل منیجر ایشور سنگھ چندیل، ریزیڈنٹ انجینئر دھرمیس مِتّل، سڑک سیفٹی ماہر اوم پرکاش پانڈے اور جینڈر ماہر سینتھینی میم بھی شریک رہیں۔ جبکہ ٹھیکیدار کمپنی کی جانب سے پروجیکٹ منیجر اشونی استھاپک، منیجر برجندر کوشٹی، سیفٹی آفیسر سوریا پرتاپ بھدوریا سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
سماجی تنظیموں اور علاقائی نمائندوں میں منڈل نائب صدر نیرج چورسیا، ہندو اتسو سمیٹی کے صدر روی چورسیا، عارف علی، سوشیل ساہو، سنیل کمار سونی، اکشے دوبے، اکھل، ونے سیراوت، سوریا پرتاپ سنگھ اور شمشیر انصاری کی فعال شرکت رہی۔
پروگرام کے دوران ماہرین نے ہیلمٹ پہننے، سیٹ بیلٹ کے استعمال، مقررہ رفتار کی پابندی اور ٹریفک اشاروں کی معلومات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس کے ساتھ ہی زیرِ تعمیر سڑک پر محفوظ آمد و رفت کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی۔
سرپنچ سید مسعود علی پٹیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ “سڑک سیفٹی صرف قوانین نہیں بلکہ انسانی جان کے تحفظ کا ذریعہ ہے۔ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان اصولوں پر عمل کرے۔
آخر میں تمام حاضرین کو سڑک سیفٹی کے تئیں بیدار رہنے کا حلف دلایا گیا اور مہم کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا گیا۔









