پٹنہ 15اپریل: بہار میں قیادت کی تبدیلی کے ساتھ ہی سیاسی حلقوں میں الزامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ آر جے ڈی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی بیٹی رہنی آچاریہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر این ڈی اے کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ روہنی نے ایک سرکاری اشتہار کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اسے ’بہت بڑی توہین‘ قرار دیا ہے۔ کیونکہ اشتہار میں صرف وزیر اعظم نریندر مودی اور نو منتخب وزیر اعلیٰ بہار سمراٹ چودھری کی تصویر نظر آ رہی ہے۔ روہنی آچاریہ نے دعویٰ کیا کہ نئے نظام میں نتیش کمار کو حاشیے پر دھکلینے کی شروعات ہو چکی ہے۔ روہنی آچاریہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’’ابھی 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے، اور چاچا جی پوسٹر اور اشتہار سے بھی غائب کر دیے گئے۔ استعفیٰ سے پہلے، اس ڈر سے کہ کہیں چاچا جی ناراض نہ ہو جائیں، انہیں بڑی اہمیت دے کر (تار پر چڑھا کر) یہ کہا جا رہا تھا کہ بہار چاچا جی کی مرضی سے، انہی کی رہنمائی میں چلایا جائے گا۔ لیکن جیسے ہی استعفیٰ دیے، اس گرگٹ صفت ٹولے نے چاچا جی کے سائے اور تصویر تک پر اعتراض کرنا شروع کر دیا‘‘