بھوپال، 13 اپریل: بھوپال میونسپل کارپوریشن کے دفتر کے باہر آج کانگریس لیڈروں اور کارکنوں نے ایک منفرد انداز میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران کارکنوں نے لیموں پانی کا ٹھیلہ لگا کر کارپوریشن انتظامیہ کے خلاف اپنی ناراضگی درج کرائی اور موقع پر موجود افسران کو لیموں پانی پلایا۔ احتجاج کر رہے کانگریس رہنماؤں نے الزام لگایا کہ اس چلچلاتی دھوپ اور شدید گرمی میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ٹھیلہ لگانے والے چھوٹے تاجروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور ان سے غیر قانونی وصولی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی غریب اور محنتی ٹھیلہ تاجروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔مظاہرے کے دوران کانگریس لیڈروں نے آکاش نامی ٹھیلہ کاروباری کا معاملہ بھی شدت سے اٹھایا، جس نے چند روز قبل انتظامیہ کی مبینہ ہراسانی سے تنگ آکر خود سوزی کی کوشش کی تھی۔ اس معاملے میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین نے جذباتی انداز میں متعلقہ افسر کے پیر پکڑ کر آکاش کو انصاف دلانے کی التجا کی۔ موقع پر موجود ڈپٹی کمشنر دھیریندر کشواہا نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرائی جائے گی اور اگر غیر قانونی وصولی کی تصدیق ہوتی ہے تو متعلقہ افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس احتجاجی مظاہرے میں ضلع کارگزار صدر محمد شاور، مجاہد صدیقی، سابق نائب صدر ضلع کانگریس اکھلیش جین، انکت ساہو، ساہت علی، طالب علی، عادل خان، سیف، امیش کمار، سنیل شرما، توصیف علی سمیت بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔