نئی دہلی 12اپریل: راجیہ سبھا رکن اور کانگریس کے جنرل سکریٹری (مواصلات) جے رام رمیش نے ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کے خط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’انتخابات کے درمیان خصوصی اجلاس بلایا جانا ضابطہ اخلاق کی واضح خلاف ورزی ہے۔‘‘ جے رام رمیش نے اتوار (12 اپریل) کو نریندر مودی کے نام پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کا لکھا ہوا خط سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کیا۔ جے رام رمیش نے ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا کہ ’’ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس بلائے جانے پر اپنی بات رکھی ہے۔ یہ اجلاس آئندہ ہفتہ تمل ناڈو اور مغربی بنگال میں جاری انتخابی مہم کے دوران بلایا جا رہا ہے جو کہ ’مثالی ضابطہ اخلاق‘ کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے (کھڑگے نے) اپوزیشن کے اس مطالبے کو دوہرایا ہے کہ کل جماعتی اجلاس 29 اپریل کے بعد ہی کسی بھی وقت بلایا جائے۔‘
‘ دراصل خواتین ریزرویشن (ترمیمی) بل پر غور و خوض کرنے اور اسے منظور کرنے کے لیے ایک خصوصی اجلاس بلایا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ہفتہ (11 اپریل) کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا، دونوں ایوانوں میں تمام پارٹیوں کے پارلیمانی لیڈران کو خط لکھ کر ’ناری شکتی وندن ادھینیم‘ کو اتفاق رائے سے منظور کرانے کے لیے حمایت مانگی ہے، تاکہ 2029 کے انتخابات سے قبل خواتین ریزرویشن کے کے نفاذ کو یقینی بنایا جا سکے۔









