ممبئی 12اپریل: معروف گلوکارہ آشا بھوسلے اب ہمارے درمیان نہیں رہیں۔ 92 سال کی عمر میں انہوں نے اس دنیا کو الوداع کہہ دیا ہے۔ تقریباً 7 دہائیوں تک فلمی دنیا میں اپنی سریلی آواز کا جادو چلانے والی گلوکارہ کو ہفتہ (11 اپریل) کو طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال کے ایمرجنسی میڈیکل سروسز یونٹ میں ان کا علاج چل رہا تھا۔ پوری دنیا میں موجود ان کے مداح دعائیں کر رہے تھے، مگر اتوار کے روز گلوکارہ نے دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ ان کے بیٹے آنند بھوسلے نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے موت کی خبر کی تصدیق کی۔ واضح رہے کہ ہفتہ کو آشا بھوسلے کی طبیعت بگڑنے کی خبر آئی تھی۔ گلوکارہ کی پوتی زنائی بھوسلے نے ’انسٹاگرام‘ پوسٹ کے ذریعے ان کی صحت کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’شدید تھکن اور سینے میں انفیکشن کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہماری پرائیویسی کا احترام کریں۔ ان کا علاج چل رہا ہے اور امید ہے کہ سب ٹھیک ہو جائے گا‘‘۔ گلوکارہ کی طبیعت خراب ہونے کے بعد اسپتال کے باہر مداحوں کی بھیڑ جمع ہونے لگی تھی، ساتھ ہی آشا بھوسلے کی رہائش گاہ کے باہر بھی ان کے چاہنے والے اکٹھے ہونے لگے تھے۔ سب کو امید تھی کہ گلوکارہ صحت یاب ہو کر لوٹیں گی، مگر مداحوں کی یہ امید ٹوٹ گئی۔ آشا بھوسلے کی آخری رسومات پیر (13 اپریل) کو ادا کی جائیں گی۔ گلوکارہ کے جسد خاکی کو صبح 11 بجے لوئر پرل میں واقع ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار کے لیے رکھا جائے گا۔ شام 4 بجے دادر کے شیواجی پارک میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں ان کی بہن لتا منگیشکر کی بھی آخری رسومات ادا کی گئی تھیں۔