بھوپال 12اپریل:وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ بیٹیوں اور بہنوں کی ترقی کے بغیر ہمہ جہتی ترقی کا تصور ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی بار وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت میں خواتین کو بااختیار بنانے کی بڑی پہل کی جا رہی ہے، جس کے تحت لوک سبھا اور اسمبلی میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کی تیاری ہے۔ اس مقصد کے لیے پارلیمنٹ کا خصوصی تین روزہ اجلاس 16 اپریل سے منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے لاڈلی بہن اسکیم کے تحت اب تک 55 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی رقم فراہم کر چکی ہے، جبکہ آج آشتا سے ریاست کی 1.25 کروڑ بہنوں کے کھاتوں میں 1836 کروڑ روپے سنگل کلک کے ذریعے منتقل کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں ماں کے احترام اور اہمیت کی روایت ہے اور اب ریاست میں ہر ماہ رکشا بندھن کی طرح خوشی منائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سیہور ضلع کے آشٹہ میں خواتین بااختیاری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے لاڈلی بہن اسکیم کی 35ویں قسط کی رقم مستحق خواتین کے کھاتوں میں منتقل کی۔ تعلیمی میدان میں سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آشتا کی طالبات کے لیے یہ ایک اہم دن ہے۔ انہوں نے گرلز کالج اور گرلز اسکول میں ہاسٹل کے ساتھ نئی عمارتوں کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت بیٹیوں کو بہترین تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ساندیپنی ودیالیہ میں بڑی تعداد میں طلبہ نجی اسکولوں سے منتقل ہو کر آئے ہیں۔ ریاستی حکومت طلبہ کو چار لاکھ سائیکلیں فراہم کر رہی ہے، جبکہ ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ اور اسکول ٹاپرز کو اسکوٹی دی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سال 2026 کو کسان فلاح کا سال قرار دیا گیا ہے اور کسانوں کی بھلائی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ گزشتہ دو برسوں میں تقریباً 10 لاکھ ہیکٹر زرعی اراضی کو آبپاشی کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔ گندم کی خریداری 2625 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے کی جا رہی ہے جس میں 40 روپے بونس شامل ہے۔ دیہی علاقوں میں 24 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور کسانوں کو صرف 5 روپے میں بجلی کنکشن دیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں 12 لاکھ سے زائد خواتین خود کفیل بن چکی ہیں ۔
جبکہ پانچ لاکھ سے زیادہ خود امدادی گروپوں سے وابستہ 65 لاکھ خواتین مستفید ہو رہی ہیں۔ سیہور ضلع میں ایک لاکھ سے زیادہ خواتین ان گروپوں کا حصہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ کنیا دان اسکیم کے تحت شادی کے لیے 55 ہزار روپے کی مالی مدد دی جا رہی ہے۔
تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے 184 کروڑ روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا، جن میں آشتا اور جاور میں قائم نئے ساندیپنی ودیالیہ بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت مستحق افراد میں امداد اور سہولیات بھی تقسیم کی گئیں۔









