رائسین:09؍اپریل:(پریس ریلیز) حکومت کے اہم ’’جل گنگا سنوردھن ابھیان‘‘ کے تحت جمعرات کے روز غیرت گنج تحصیل کے گرام مہلپور پاتھا میں آبی وسائل کی بحالی کے لیے خصوصی شرمدان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر انتظامی افسران اور عوامی نمائندوں نے خود شرمدان کرتے ہوئے قدیم باولی کی صفائی کی اور دیہاتیوں کو پانی کے تحفظ کے لیے بیدار کیا۔
گاؤں مہلپور پاتھا میں رادھا-کرشن مندر کے قریب واقع تاریخی قلعہ والی باولی پر یہ مہم چلائی گئی۔ طویل عرصے سے نظرانداز اس باولی میں جمع کچرے اور ملبے کو شرمدان کے ذریعے صاف کیا گیا۔ مہم کے دوران نہ صرف صفائی کی گئی بلکہ باولی کی گہرائی بڑھانے کا کام بھی انجام دیا گیا تاکہ آنے والے برسات کے موسم میں زیادہ سے زیادہ پانی ذخیرہ کیا جا سکے۔اس مہم میں انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی عوامی نمائندوں نے بھی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم انکیت جین، جنپد سی ای او پوجا جین، نائب تحصیلدار یوگیشور بھارتی، جبکہ عوامی نمائندوں میں سرپنچ بدری اہروار، جنپد ممبر مشری لال اور دیگر معزز شہری موجود رہے۔شرمدان کے بعد ایس ڈی ایم انکیت جین نے گاؤں والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانی زندگی کی بنیاد ہے اور قدیم آبی وسائل کو دوبارہ زندہ کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے اپنے گھروں اور آس پاس پانی کے تحفظ کی تکنیکوں کو اپنائیں اور پانی کے ضیاع کو روکیں۔









