مانٹیری، میکسیکو، یکم اپریل (یو این آئی) عراق اور ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو نے منگل کے روز پلے آف مقابلوں میں بالترتیب بولیویا اور جمائکا کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ کے فائنلز میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ایمن حسین نے دوسرے ہاف میں شاندار گول کر کے عراق کو بولیویا کے خلاف 1-2 سے فتح دلائی، جس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ میں واپسی کے لیے عراق کا 40 سالہ طویل انتظار ختم ہو گیا۔ لوٹن ٹاؤن کے اسٹرائیکر علی الحمادی نے کارنر پر ہیڈر کے ذریعے ایشیائی ٹیم کو برتری دلائی تھی، تاہم بولیویا کے موئسیس پنیاگوا نے رامیرو واکا کے پاس پر گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ 53 ویں منٹ میں ایمن حسین نے مارکو فارجی کے کراس پر بہترین والی شاٹ کے ذریعے فیصلہ کن گول کیا۔ 1994 کے بعد پہلی بار کوالیفائی کرنے کی کوشش کرنے والی بولیویا کی ٹیم نے آخری لمحات میں بھرپور زور لگایا، لیکن عراق نے مضبوط دفاع کے ذریعے 48 ٹیموں کے ورلڈ کپ کا ٹکٹ حاصل کر لیا۔ عراق کے ہیڈ کوچ گراہم آرنلڈ نے کھلاڑیوں کی جارحانہ سوچ کی تعریف کرتے ہوئے اس فتح کو ان کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔ عراق کی ٹیم اب گروپ آئی میں ناروے، فرانس اور سینیگال کے مدمقابل ہوگی۔دوسری جانب، ایکسل ٹوانزیبے کے اضافی وقت (ایکسٹرا ٹائم) میں کیے گئے گول کی بدولت ریپبلک آف کانگو نے پلے آف فائنل میں جمائکا کو 0-1 سے ہرا کر 52 سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ٹوانزیبے نے 100 ویں منٹ میں کارنر کے بعد گھٹنے سے گیند کو نیٹ میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔