دہلی:31؍مارچ:(پریس ریلیز)سولیٹیر لٹریچر فاؤنڈیشن، جشنِ تہذیب فاؤنڈیشن کے اشتراک سے، طنز و مزاح کے عالمی شہرت یافتہ ممتاز شاعر ڈاکٹر اعجاز پاپولر میرٹھی کی صاحبزادی محترمہ ادینہ شاہ کی تصنیفWhispers of the Soulsکی پُروقار رسمِ اجراء بروز اتوار، 29 مارچ 2026، شام 5 بجے، تسمیہ آڈیٹوریم، اوکھلا، نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔تقریب کے موقع پر ایک باوقار مشاعرے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں اہلِ قلم اور ذوقِ ادب سے وابستہ ممتاز شخصیات نے شرکت کر کے محفل کو رونق بخشی۔تقریب کی صدارت ڈاکٹر سید فاروق صاحب نے فرمائی مہمانان خصوصی پروفیسر خالد محمود، پروفیسر اختر الواسع، پروفیسر خواجہ شاہد، اور مہمانان ذی وقار پروفیسر خورشید انصاری، ڈاکٹر سجاد حسن اور ڈاکٹر عظمیٰ قمر نے کی۔ معزز مقررین نے مصنفہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بالخصوص نفسیات کے موضوع پر ان کی کاوش کو سراہا اور اپنے بصیرت افروز خیالات کا اظہار کیا۔بعد ازاں مشاعرے کی نشست منعقد ہوئی، جس کا آغاز محترم شاہد انور نے نعتیہ کلام سے کیا، جبکہ عرفان اعظمی کی سحر انگیز نظامت نے محفل کو مزید وقار بخشا۔ شعراء کرام میں ڈاکٹر پاپولر میرٹھی، خالد محمود، شاہد انور، منیر ہمدم، قمر انجم، ڈاکٹر فرقان، کوی نیتیش کمار، راشد رحمان، راشدہ باقی حیا، ماریہ عثمانی اور پروین شغف نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔
یہ سولیٹیر لٹریچر فاؤنڈیشن کے لیے ایک منفرد اور اہم موقع تھا کہ اس کے زیرِ اہتمام پہلی مرتبہ نفسیات کے موضوع پر لکھی گئی ایک کتاب—جو ایک نوجوان مصنفہ سیدہ ادینہ شاہ کی تخلیق ہے—کی رسمِ اجراء منعقد ہوئی، جو روایتی اردو شعر و ادب سے ہٹ کر ادب کے ایک نئے زاویے کی نمائندگی کرتی ہے۔تقریب میں معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں فیس گروپ آرگنائزیشن کے بانی مشتاق انصاری بھی شامل تھے، جن کی موجودگی نے تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔اس مسرّت بخش موقع پر سولیٹیر لٹریچر فاؤنڈیشن کی صدر محترمہ پروین شغف نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے مصنفہ ادینہ شاہ کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ تنظیم کے سکریٹری ارشد بدایونی اور صدر پروین شغف نے مہمانوں کا استقبال میمنٹوز اور گلدستوں کے ساتھ کیا۔ مصنفہ ادینہ شاہ کو تنظیم کی جانب سے ایوارڈ اور تمغہ پیش کیا گیا، جبکہ پروفیسر تسنیم فاطمہ نے تمغہ پہنانے کی رسم ادا کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔