بھوپال:31؍مارچ:پولیس ڈائریکٹر جنرل مسٹر کیلاش مکوانا کی رہنمائی میں مدھیہ پردیش پولیس کی جانب سے غیر قانونی منشیات کے خلاف سخت اور مسلسل کارروائی جاری ہے۔ اسی سلسلے میں رتلام ضلع میں گزشتہ دو دنوں کے دوران پولیس نے یکے بعد دیگرے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے نہ صرف ڈرگ اسمگلروں کو گرفتار کیا بلکہ ایک منظم مصنوعی منشیات تیار کرنے والے نیٹ ورک کا بھی پردہ فاش کیا، جو ریاست میں جاری انسدادِ منشیات مہم کی بڑی کامیابی ہے۔یہ کارروائی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رتلام مسٹر امیت کمار کی نگرانی میں تھانہ رنگنود اور تھانہ پپلوڈا پولیس نے انجام دی۔
31 مارچ کو تھانہ پپلوڈا کے علاقے گاؤں بورکھیڑا میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ایم ڈی (MDMA) مصنوعی منشیات بنانے والی فیکٹری کا پردہ فاش کیا۔ ایک پولٹری فارم کی آڑ میں چلائی جا رہی اس غیر قانونی لیب پر چھاپہ مار کر پولیس نے تقریباً 175 کلوگرام کیمیائی مادہ، 200 گرام تیار ایم ڈی ایم اے، گیس سلنڈر، ہیٹ گن، چولہا اور دیگر ڈرگ بنانے کے آلات سمیت 24 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان ضبط کیا۔
اس کارروائی میں مرکزی ملزم جمشید خان عرف ‘‘جمشید لالا’’ عرف ‘‘جمشید سیٹھ’’ کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزم ایک بین الریاستی ڈرگ نیٹ ورک کا اہم سرغنہ ہے، جس کے خلاف مختلف ریاستوں میں مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ پوچھ گچھ میں یہ بھی معلوم ہوا کہ منشیات بنانے کے لیے کیمیکلز کی فراہمی راجستھان کے پرتاپ گڑھ علاقے سے کی جا رہی تھی اور واقعہ سے قبل بڑی مقدار میں ایم ڈی کی سپلائی بھی کی جا چکی تھی۔
اسی طرح 29 مارچ کو پولیس چوکی مانن کھیڑا، تھانہ رنگنود نے مخبر کی اطلاع پر فور لین سڑک پر ناکہ بندی کر کے بولیرو پِک اپ گاڑی سے 500 گرام ایم ڈی ڈرگز (تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت) ضبط کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔ اس کے ساتھ واردات میں استعمال ہونے والی بولیرو گاڑی (تقریباً 5 لاکھ روپے مالیت) بھی ضبط کی گئی۔ اس طرح پولیس نے تقریباً 55 لاکھ روپے کی املاک ضبط کی۔اسی دن ایک اور کارروائی میں تھانہ رنگنود پولیس نے 100 گرام براؤن شوگر (تقریباً 1 لاکھ روپے مالیت) کے ساتھ ایک ملزم کو موٹر سائیکل سمیت گرفتار کیا۔
ملزم سے کل 1 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی املاک ضبط کی گئی۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی رتلام ضلع میں ایم ڈی ایم اے بنانے والی فیکٹری کا انکشاف ہو چکا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ اس علاقے میں منظم ڈرگ نیٹ ورک سرگرم رہا ہے، جس کے خلاف مدھیہ پردیش پولیس مسلسل مؤثر کارروائی کر رہی ہے۔
پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے پوری سپلائی چین کو ختم کرنے، نیٹ ورک سے جڑے دیگر ملزمان کی گرفتاری اور غیر قانونی املاک کے خلاف کارروائی کے لیے تفصیلی تفتیش جاری ہے۔ یہ کارروائی ریاست میں منشیات کے کاروبار کے خلاف پولیس کے مضبوط عزم اور مؤثر حکمت عملی کو ظاہر کرتی ہے۔