بھوپال، 18 مارچ (پریس نوٹ) ماہِ رمضان المبارک کی نورانی ساعتوں میں اوقافِ شاہی کے زیرِ اہتمام ایک باوقار اور روح پرور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں خدمتِ دین اور رفاہِ عامہ کے حسین امتزاج کی جھلک نمایاں رہی۔ یہ بابرکت پروگرام اوقافِ شاہی کی متولی محترمہ سبا سلطان صاحبہ کی نیک خواہشات اور ایڈوائزری کم ایگزیکٹو کمیٹی کے سینئر رکن جناب سکندر حفیظ خان کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ تھا۔
تقریب کی صدارت معزز عالمِ دین قاضی سید مشتاق علی ندوی، قاضیٔ شہر بھوپال نے فرمائی۔ اپنے صدارتی کلمات میں انہوں نے رمضان المبارک کی فضیلت، خدمتِ خلق کی اہمیت اور اوقاف کے سماجی کردار پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر اوقافِ شاہی کے تحت خدمات انجام دینے والے ائمہ و مؤذنین حضرات اور دیگر عملے میں بونس تقسیم کیا گیا، جبکہ 100 مستحق اور نادار خاندانوں میں راشن کٹس بھی پیش کی گئیں، تاکہ وہ اس بابرکت مہینے کی رحمتوں سے بہرہ مند ہو سکیں۔
تقریب میں ایڈوائزری کم ایگزیکٹو کمیٹی کے معزز رکن جناب اعظم علی خان، اوقافِ شاہی کے انتظامی منتظم جناب فرخ کبریا، ائمہ و مؤذنین حضرات اور دیگر معززینِ شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس نے محفل کو روحانیت سے معطر کر دیا، جبکہ اختتام قاضی کی پُراثر دعا پر ہوا، جس میں ملک و ملت کی خیر و برکت اور امن و سلامتی کی دعائیں کی گئیں۔