بھوپال:17؍مارچ:نائب وزیر اعلیٰ مسٹر راجیندر شکل نے ریاست میں 14 سال عمر کے گروپ کی ایک لاکھ سے زائد نوعمر بچیوں کی کامیاب ایچ پی وی ویکسینیشن پر محکمہ صحت کی ٹیم، ضلعی انتظامیہ اور معاون اداروں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ریاست کی بیٹیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے 28 فروری 2026 کو اجمیر، راجستھان سے اس خصوصی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا قومی سطح پر آغاز کیا تھا۔ مدھیہ پردیش اس مہم کے تحت ایک لاکھ سے زائد بچیوں کی ویکسینیشن کر کے ملک میں سب سے زیادہ ایچ پی وی ویکسینیشن کرنے والی ریاست بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منڈلا، بالاگھاٹ، ڈنڈوری، راج گڑھ اور کھرگون اضلاع کا اس کامیابی میں خاص تعاون رہا ہے۔ ریاست میں اس مہم کے کامیاب نفاذ کے لیے ضلعی سطح پر کلکٹروں کی سربراہی میں بہتر ہم آہنگی قائم کی گئی اور اسکول ایجوکیشن، خواتین و اطفال ترقی، پنچایت محکمہ سمیت مختلف رضاکار تنظیموں کا اہم تعاون حاصل ہوا۔نائب وزیر اعلیٰ مسٹر شکل نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی 14 سال عمر کی بچیوں کی ایچ پی وی ویکسینیشن ضرور کروائیں تاکہ سروائیکل کینسر جیسی سنگین بیماری سے ان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ریاست کا محکمہ صحت بیٹیوں کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کے لیے پوری وابستگی کے ساتھ کام کر رہا ہے اور باقی اہل بچیوں کی ویکسینیشن بھی جلد مکمل کر لی جائے گی۔









