بنگلورو 24فروری: دیہی روزگار گارنٹی اسکیم (منریگا) کے خلاف مرکزی حکومت کے اقدامات کی شدید مخالفت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) زیر قیادت مرکزی حکومت پر منریگا اسکیم کو ختم کرنے کا الزام لگایا اور اس کی بحالی تک احتجاج جاری رکھنے کا عزم کیا۔ وزیراعلیٰ نے یہاں ’منریگا سنگرام بچاؤ‘ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے لائے گئے ایک نئے قانون کے ذریعہ دیہی روزگار اسکیم کو تبدیل کرنے کے خلاف کانگریس پورے ملک میں لڑائی لڑے گی۔ سدارامیا نے الزام لگایا کہ آج پورے ملک میں ’منریگا بچاؤ‘ مہم شروع ہو گئی ہے۔ کرناٹک میں بھی اس کی شروعات ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران منریگا کو ختم کر دیا اور اس کی جگہ ’وی بی جی رام جی‘ ایکٹ نافذ کردیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسکیم کو منسوخ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کو2005 میں سونیا گاندھی کی قیادت میں آنجہانی منموہن سنگھ کے وزیر اعظم رہتے ہوئے نافذ کیا گیا تھا تاکہ دیہی مزدوروں، قبائلیوں، چھوٹے کسانوں اور خواتین کو روزگار فراہم کیا جا سکے۔ سدارامیا نے الزام لگایا کہ یہ قانون پارلیمنٹ میں مناسب بحث کے بغیر پاس کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 17 دسمبر 2025 کو صرف 8 گھنٹے کی بحث ہوئی۔ 18 دسمبر کو بل پاس ہوگیا اور گرام سوراج ایکٹ نافذ ہو گیا۔








