بھوپال:07؍فروری:راجدھانی بھوپال سے ملحقہ ضلع سیہور واقع شامپورکے مدرسہ اسلامیہ عربیہ ریحان العلوم میں آج بروز سنیچر صبح نوبجے ایک شاندار تعلیمی کے انعقاد عمل میں آیا۔ جس کی سرپرستی علاقے کے مشہور ومعروف شخصیت مولاناعلاءالدین نے کی۔جلسہ میں مہمان خصوصی کے طورپر شریک ہوئے مولانامحمدمعاذ خان نعمانی ندوی(ناظم دارالعلوم علامہ عبدالحی حسنی، جنسی جہانگیرآبادبھوپال) نے طلباکے ذریعہ پیش کئے گئے تعلیمی کارکردگی کوسراہا، غورطلب ہے کہ مدرسہ کے طلبہ نے اپنی محنت، لگن اور اساتذہ کی رہنمائی کے نتیجے میں شاندار تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔ طلبہ نے دینی و عصری علوم میں بہترین کارکردگی کا ثبوت دیتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ اس موقع پر حفظ، ناظرہ، تقریر اور درسی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔ ذمہ دارانِ مدرسہ نے طلبہ کی اس کامیابی کو ان کی مسلسل محنت کا ثمرہ قرار دیا۔ اہلِ علاقہ نے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اورخاص طورپر مدرسہ کے مہتمم مولانامحمدیعقوب صاحب جامعی کی محنتوں کی تعریف کی۔
وہیں جلسہ میں مہمان ذی وقار کے طورپرشریک ہوئے مولانامحمدعابد صاحب مظاہری(استاذ حدیث وفقہ جامعہ اسلامیہ عربیہ مسجدترجمہ والی بھوپال) نے اپنے خطاب میں لوگوں کو دین کی جانب لوٹنے نیز حضور کریم ﷺ کے ذریعہ بتائے گئے راستے پر چلنے اورحضورﷺ کے طریقوں پرعمل کرنے کی تلقین فرمائی۔ مولاناموصوف نے ذمہ دارانِ مدرسہ کی اس کامیابی کو مسلسل محنت اور نظم و ضبط کا نتیجہ قرار دیا۔ حاضرین اور اہلِ علاقہ نے مدرسہ کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے طلبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وہیں آخرمیں مدرسہ کے اہم رکن مولاناریحان نے تمام شرکاء کاشکریہ اداکیا اورناظم جلسہ مولانامحمدنعیم بیگ نے بحسن وخوبی جلسہ کوانجام تک پہنچایا۔جلسہ میں بڑی تعداد میں علاقے کی عوام اورمعزز علمائے کرام نے شرکت فرمائی اور طلبا کی محنتوں کوسراہا۔آخرمیں مولاناعلاء الدین کی رقت آمیز دعاپر جلسہ کااختتام ہوا۔