ممبئی 6فروری (پریس ریلیز) ممتاز محقق،ادیب،شاعر ونامور صحافی ڈاکٹر مہتاب عالم کی ممبرا آمد کے موقع پر بزم خدام ادب کے زیر اہتمام سلور انکلیو میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پر وقار تقریب میں ممبئی کے معبترو شعرا کے علاوہ ،سینئر صحافی و ادیبوں کے ساتھ بڑی تعداد میں محباب اردو و سماجی کارکنان نے شرکت کی۔پروگرام کے پہلے حصے میں ممتاز صحافی و محقق ڈاکٹر مہتاب عالم کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ان کا اعزاز کیا گیا۔
ڈاکٹر مہتاب عالم کو پھولوں کا گلدستہ اور شال اوڑھا کر بزم کی جانب سے استقبال کیا گیا۔بعد از آں کویت کے معبتر شاعر مسعود حساس نے اپنا شعری مجموعہ (یہ لوگ جو کہ میرے آس پاس رہتے ہیں)کو ڈاکٹر مہتاب عالم کو پیش کیا۔پروگرام کے آغاز سے قبل تقریب کے روح رواں ریاض منصوری نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر مہتاب عالم سے اپنے دیرینہ تعلقات اور ان کی ادبی خدمات پر تفصیلی سے روشنی ڈالی۔ریاض منصوری نے کہا کہ ڈاکٹر مہتاب عالم نے اپنی تحقیق سے نہ صرف اردو کا دامن وسیع کیا ہے بلکہ ان کی تحقیقی کتابیں اردو زبان میں اضافہ ہیں۔اس موقع پر ملک میں اردو زبان کے منظر نامے اور اردو کی نئی بستیوں پر بھی اظہار کیا خیال کیا گیا۔
بزم خدام ادب ممبرا کے زیر اہتمام سلور انکلیو ممبرا میں منعقدہ تقریب کے دوسرے حصے میں مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔مشاعرہ کی صدارت کے فرائض ممبئی مقبول شاعر اعجاز ہندی نے انجام دئے جبکہ ڈاکٹر مہتاب عالم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔مشاعرہ میں شامل شعرا نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔مشاعرہ میں پیش کئے گئے اہم شعرا کے اشعار یہاں پیش خدمت ہیں۔
اعجاز ہندی
مجھے اپنی سی کوشش میں لگا رہنے دو پھر دیکھو
میں جس پودے کو چھو لوں گا وہی خوش رنگ نکلے گا
ڈاکٹر مہتاب عالم
ان قاتلوں پہ کون مقدمہ چلائے گا
جن کو لیا پناہ میں عالم پناہ نے
ریاض احمد منصوری
نکل جاتے ارماں سنور جاتی قسمت
محبت بھری اک نظر دیکھ لیتے
کبھی اپنا ناخون تراشا نہ ہوتا
اگر میرا زخمِ جگر دیکھ لیتے
مسعود حساس
تمام سانپ تھے آب حیات نوشیدہ
تو ہاتھ کاٹ دیئے میں نے آستین کے ساتھ
زبیر گورکھپوری
کچھ ایسے لفظ میرے وظیفے میں آگئے
اردو ادب کے جن مرے قبضے میں آگئے
عبد اللہ ندیم
اور تھا بھی کیا نکلنے کو یہاں
دل کے مبلے سے تری تصویر نکلی
سراج طالب سراج
وہ میری ماضی کی حرکتوں سے ہے اب بھی نالاں
اسے نہیں ہے خبر کہ اب میں سدھر گیا ہوں
تابش رامپوری ممبئی
دل کی دنیا میں محبت کا صحیفہ اترا
ایسا لگتا ہے غزل لیکے فرشتہ اترا
مشاعرہ میں عبید اللہ اعظمی،ابوسعد اعظمی ،شاہ عالم جونپوری اور دوسری اہم شخصیات نمایاں طور پر موجود تھیں۔مشاعرہ کی نظامت کے فرائض منفرد لب و لہجے کے خوش فکر شاعر ریاض منصوری نے بحسن و خوبی انجام دیا اور اپنی نظامت کے منفرد انداز سے تقریب کے حسن کو دو بالا کیا۔









